خالد مشعل کا لبنانی قیادت سے ٹیلیفونک رابطہ، بم دھماکوں کی شدید مذمت

دہشت گردی سے لبنانی ،فلسطینی قوم برابر متاثر ہو رہی ہے،یہ انسان دشمن عناصر کی کارروائی ہے تمام فلسطینی مذہبی، سیاسی و مزاحمتی جماعتیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں ،تحریک انتفاضہ کو منزل مقصود تک پہنچائیں، انٹرویو

ہفتہ 14 نومبر 2015 11:13

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 نومبر۔2015ء) حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے لبنان کی سیاسی قیادت سے دو روز قبل ہونیوالے دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی سے لبنانی اور فلسطینی قوم برابر متاثر ہو رہی ہے، لبنان میں موجود فلسطینی خود کو کسی بھی تصادم سے دور رکھیں۔ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خالد مشعل نے گزشتہ روز لبنانی زیراعظم تمام سلام، پارلیمنٹ کے سپیکر نبیہ بری اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ سے ٹیلیفون پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بم دھماکوں کے نتیجے میں ہونیوالا قیمتی جانوں کا ضیاع قابل افسوس ہے، انہوں نے کہا کہ بیروت میں ہونے والی دہشت گردی انسان دشمن عناصر کی کارروائی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے لبنان کی سلامتی اور استحکام کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حماس لبنان میں امن واستحکام پریقین رکھتی ہے۔قبل ازیں خالد مشعل نے فلسطین کی تمام مذہبی، سیاسی اور مزاحمتی جماعتوں پراپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے اور مل کر تحریک انتفاضہ کو منزل مقصود تک پہنچانے پر زور دیا۔ایک انٹرویو میں خالد مشعل نے فلسطینی قومی قوتوں پر زور دیا کہ وہ تحریک انتفاضہ کو آگے بڑھانے اور مزاحمتی کارروائیوں کو موثر بنانے کیلئے متحدہ قومی قیادت تشکیل دیں جو تحریک انتفاضہ کو اس کے اہداف تک پہنچانے میں مدد فراہم کرے۔

خالد مشعل نے کہا کہ فلسطینیوں کی تحریک انتفاضہ کو اس کی منزل سے ہم کنار کرنے کیلئے فلسطینیوں کی قومی قیادت تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ صہیونی ریاست کی فلسطینیوں کے خلاف ریشہ دوانیوں کے خاتمے کا بہتر اور مناسب راستہ یہی ہے کہ فلسطینی اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انتفاضہ کے اہداف میں فلسطین سے اسرائیل کے ناجائز تسلط کا خاتمہ، یہودی توسیع پسندی کے کینسرکو اکھاڑ پھینکنا اور مسجد اقصیٰ المبارک کی تقسیم کی ناپاک سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔حماس رہنماء نے کہا کہ پوری فلسطینی قوم تحریک انتفاضہ کو آگے بڑھانے اور اسے منزل مقصود تک پہنچانے کیلئے متحدہ تزویراتی حکمت عملی ترتیب دیں۔ تحریک انتفاضہ کے مقاصد و اہداف کے حصول کا یہی بہتر راستہ ہے۔