پاکستان کو لبرل بنانے کی کوشش لاکھوں شہداء کے خون سے غداری ہے، حافظ احمدعلی

پاکستان کا بچہ بچہ مملکت کے اسلامی نظریات کا تحفظ کرے گا، پنجاب کے دورے سے واپسی کے موقع پر کارکنان سے خطاب

جمعہ 13 نومبر 2015 23:24

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء ) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماحافظ احمدعلی نے کہاہے کہ وزیراعظم میاں محمدنوازشریف کی جانب سے ملک کو لبرل بنانے کا بیان انتہائی تشویشنا ک، قابل مذمت اور آئین پاکستان وتحریک پاکستان کے لاکھوں شہداء کے خون سے غداری ہے، جے یوآئی اس ملک کو کسی صورت لبرل نہیں بننے دے گی، پاکستان اسلامی نظام کے لئے وجودمیں آیاتھاجس کے قیام کے لئے برصغیر کے بے شمار مسلمانوں نے اپنے جان اور مال کی قربانیاں دی تھیں،ان قربانیوں کو ہرگزرائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا،پاکستان کا بچہ بچہ مملکت کے اسلامی نظریات کا تحفظ کرے گا۔

یہ باتیں انہوں نے جے یوآئی کی مرکزی شوریٰ کے اجلاس میں شرکت اور خانیوال،چیچہ وطنی اوربہاولنگرکے تنظیمی دورے سے واپسی پرکارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہیں، اس موقع پر صوبائی ناظم مفتی محمدحماداﷲ مدنی، امیر کراچی ڈویژن مولاناپیر لیاقت شاہ، مولانامشتاق عباسی، مولاناغلام مصطفی فاروقی، مولاناقاری عبدالحئی شیخ، مولاناخواجہ احمدالرحمان ،قاری سیف الرحمان، مولانایوسف ہزاروی، مولاناعبدالرحمان جلالی، خطیب عبدالرحمان، مولاناعبداﷲ، مولاناناصر، الحاج عبدالعزیز، غلام صمدانی گجر، حافظ سلمان احمدعلی، حافظ اسامہ احمدعلی ودیگر بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

حافظ احمدعلی نے اپنے خطاب میں کہاکہ نوازشریف جب بھی اقتدارمیں آتے ہیں اسلامی اقدارپر حملے شروع کردیتے ہیں،پچھلے دورمیں انہوں نے جمعے کی چھٹی ختم کی تھی اور جب بھی انہیں ووٹ کی ضرورت پڑتی ہے وہ اسلامی اسکالر بن جاتے ہیں اور جب وقت نکل جاتاہے تو پھر اسی طرح کی حرکتیں شروع کردیتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مصورپاکستان علامہ ڈاکٹرمحمداقبال جنہوں نے پاکستان کا خواب دیکھاان کے یوم ولادت کی چھٹی بھی انہوں نے ختم کی جس سے نظریہء پاکستان کو شدید زک پہنچی کہ جس ملک میں بات بات پر چھٹی کی جاتی ہے مگر اسلام اور پاکستان کے ایام پر چھٹی نہ دے کر قوم کو نظریہء پاکستان پس پشت ڈالنے کی ترغیب دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت یادرکھے جس قوم نے پاکستان بنانے کے لئے لاکھوں قربانیاں دی ہیں وہ پاکستان کی اساس کے دفاع کے لئے جانیں قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کرے گی۔

متعلقہ عنوان :