مودی کا دورہ برطانیہ ، ہزاروں مسلمانوں، عیسائیوں، کشمیریوں، نیپالیوں اور ہندو دلتوں کا دوسرے روز بھی احتجاج

لیبر پارٹی کے سربراہ سمیت 50 ارکان پارلیمنٹ کا مودی کی تقریبات کا بائیکاٹ

جمعہ 13 نومبر 2015 23:23

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ برطانیہ کے خلاف ہزاروں مسلمانوں، عیسائیوں، کشمیریوں، نیپالیوں اور ہندو دلتوں کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا،لیبر پارٹی کے سربراہ جریمی کاربائن سمیت 50 ارکان پارلیمنٹ نے مودی کی تقریبات کا بائیکاٹ کر دیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مودی ناٹ ویلکم کے نعرے تلے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی تین روزہ دورے پر برطانیہ میں ہیں۔

لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں مودی کے بھارتی کمیونٹی سے خطاب کے موقع پر مسلمانوں، عیسائیوں، کشمیریوں، نیپالیوں اور ہندو دلتوں سمیت ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بھارتی وزیر اعظم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

(جاری ہے)

برطانوی حزب اختلاف کی پارٹی کے سربراہ جیریمی کاربائن اور دیگر ارکان پارلیمنٹ نے مودی کی تقریر میں شرکت کرنے سے صاف انکار کردیا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر احتجاجاً مودی کی دیگر تقریبات کا بھی بائیکاٹ کر دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھاتی وزیراعظم نریندر مودی برطانیہ کے تین روزہ دورے پر لند ن پہنچے تو اس موقع پر ہزاروں مسلمانوں، عیسائیوں، کشمیریوں، نیپالیوں اور ہندو دلتوں نے احتجاج کیا جس کے باعث نریندر مودی مودی کو ٹین ڈائننگ سٹریٹ میں جانے کیلئے عقبی دروازہ استعمال کرنا پڑا۔