جماعت اسلامی نے پولنگ اسٹیشن پر رینجرز کی تعیناتی کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر کو خط بھیج دیا

جمعہ 13 نومبر 2015 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء) جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے 5دسمبر کو کراچی میں ہو نے والے بلدیاتی انتخابات کو آزادانہ ،شفاف اور پر امن بنانے کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر کو خط لکھا گیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ 5دسمبر کو کراچی کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قراردیا جائے اور رینجرز کو ہر پولنگ بوتھ اور پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات کیا جائے،یہ خط جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری عبد الوہاب کی جانب سے الیکشن کمشنر سندھ تنویر ذکی کو بھیجا گیا ہے اور اس کی کاپی چیف الیکشن کمشنر پاکستان سردار رضاخان کو بھی بھیجی گئی ہے۔

خط میں مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ پولنگ والے دن رینجرز کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیے جائیں تاکہ ناپسندیدہ عناصر کو گرفتار کر کے موقع پر ہی فوری اور قرار واقعی سزادی جاسکے ۔

(جاری ہے)

الیکشن سے متعلق تمام سامان بشمول بیلٹ بکس اور بیلٹ پیپرز رینجرز کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشن لایا جائے اور ووٹوں کی گنتی کا عمل بھی رینجرز کی نگرانی میں مکمل کیا جائے ۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات کا پہلہ مرحلہ 31اکتوبر کو خیر پور کے افسوسناک اور خونریز سانحے پر اختتام پذیر ہوا اور تیسرے مرحلے میں کراچی میں 5دسمبرکو انتخابات ہوں گے ۔انتخابات کا پُرامن ہونا ہی کراچی کے امن کی ضمانت ہے ۔انتخابات کی شفافیت کے لیے ووٹر ز،پولنگ اسٹیشن اور پولنگ عملے کے لیے آزادانہ اور غیرجانبدارانہ ماحول ہونا بنیادی شرط ہے۔

کراچی میں گزشتہ عام انتخابات جو کہ پولیس اور انتظامیہ کی نگرانی میں ہوئے تھے اور ہمارے بار بار کے مطالبے کے باوجود بھی رینجرز اور فوج کی نگرانی میں انتخابات نہیں کرائے گئے اور عملاً پورے دن خوف وہراس کا ماحول رہا اور سارا دن دھاندلی ہوتی رہی اور ہماری کسی شکایت پر کہیں کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔صاف وشفاف ،آزادانہ اور منصفانہ انتخابات الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے اور تمام پارٹیوں کو آزادانہ ماحول فراہم کرنا بھی الیکشن کمیشن کا فرض ہے اور اس اہم موقع پر الیکشن کمیشن سے امید کرتے ہیں کہ وہ اپنا فرض ضرور نبھائے گا اور ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائے گی۔