نیب نے اراضی کی خریداری میں 150 ملین روپے کی مبینہ خورد برد میں ملوث سابق ڈائریکٹر پی ایچ اے جاوید احمد کو گرفتار کرلیا

جمعہ 13 نومبر 2015 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے اراضی کی خریداری میں 150 ملین روپے کی مبینہ خورد برد میں ملوث سابق ڈائریکٹر جنرل پراونشل ہاؤسنگ اتھارٹی (پی ایچ اے) جاوید احمد کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیل کے مطابق پراونشل ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ایچ اے) خیبر پختونخوا نے سرکاری ملازمین اور عام لوگوں کیلئے ہاؤسنگ سکیم کی تعمیر کیلئے ضلع نوشہرہ کی تحصیل پبی کے علاقے میرا جلوزئی میں زمین خریدی۔

(جاری ہے)

انہوں نے زمین کی خریداری کی رقم کا تخمینہ 1015.175 ملین روپے لگایا تاہم خریداری کے دوران مذکورہ ملزمان نے اراضی کے جعلی مالکان کو غیر قانونی اور اضافی ادائیگیاں کیں جس سے زمین کی مجموعی قیمت میں اضافہ ہو گیا نیب کو تفتیش کے دوران بینک ریکارڈ سے معلوم ہوا کہ اراضی مالکان کو اضافی، دوگنا اورتین گنا ادائیگیاں کی گئیں جس سے قومی خزانے کو 150 ملین روپے کا نقصان ہوا۔ نیب ملزم کو جسمانی ریمانڈ کیلئے احتساب عدالت پشاور میں پیش کرے گی۔

متعلقہ عنوان :