پشاور،کرپشن کے خاتمے کے بغیر گڈ گورننس کے مقاصد حاصل نہیں کئے جا سکتے،ڈاکٹر حیدر علی خان

جمعہ 13 نومبر 2015 21:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء) خیبر پختونخوا اسمبلی کے پارلیمانی سیکرٹری اور صوبائی انچارج برائے پختونخوا انسپکشن ٹیم و انٹی کرپشن ڈاکٹر حیدر علی خان نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کے بغیر گڈ گورننس کے مقاصد حاصل نہیں کئے جا سکتے یہی وجہ ہے کہ پارٹی قائدین کرپشن کے خاتمے کیلئے دلیرانہ فیصلوں کی تاکید کرتے رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں پختونخوا انسپکشن اور انٹی کرپشن کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پختونخوا انسپکشن ٹیم کے چیئرمین ڈی آئی جی اختر علی شاہ اورڈائریکٹر انٹی کرپشن ضیاء اﷲ طورو کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں دونوں شعبوں کی مربوط حکمت عملی تشکیل دینے پر اتفاق ہوا تاکہ دونوں شعبے باہمی مشاورت سے کرپشن کے خاتمے کے لئے ایسی ٹھوس پالیسی وضع کریں جو مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کرپشن کے خاتمے کے لئے کردار اداکر سکے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر حیدر علی خان نے یقین ظاہرکیا کہ پختونخوا انسپکشن ٹیم اور انٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کی مربوط حکمت عملی صوبے میں کرپشن کے خاتمے کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔اس موقع پر چیئرمین پختونخواانسپکشن ٹیم ڈی آئی جی اختر علی شاہ نے ادارے کی استعداد کار بڑھانے کے لئے اس کے سٹرکچر،پس منظر اور اب تک کی کارکردگی کی رپورٹ کے حوالے سے بریفنگ دی جس میں انہوں نے ادارے میں عملہ کی کمی اور دیگر سہولیات نہ ہونے کے ساتھ ساتھ ادارے کی کارکردگی کو فعال بنانے کے لئے مفید تجاویز بھی پیش کیں جس میں انہوں نے بتایاکہ بہت سارے کیسز ہیں جن کیلئے فیڈ بیک کی ضرورت ہے جبکہ ڈاکٹر حیدر علی خان نے کیسوں کی انکوائری میں تاخیر کے اسباب دریافت کئے۔

ڈاکٹر حیدر علی خان نے اجلاس کو بتایا کہ دونوں شعبے نہایت اہمیت کے حامل ہیں لہذا انکی ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے وہ ہنگامی بنیادوں پر ضروری اقدامات کریں گے۔انہوں نے واضح کیاکہ صوبے سے کرپشن کے خاتمے کیلئے وہ بڑا بر یک تھروکرنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :