Live Updates

وزیر اعلی شہباز شریف نے لاہور نالج پارک کے ماسٹر پلان کی منظوری دے دی ‘رانا مشہود احمدخاں

انجینئر نگ کمپنی یکم جنوری کو منصوبے کے تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیگی ، منصوبہ 852 ایکڑ رقبے پر محیط ہو گا ‘صوبائی وزیر تعلیم

جمعہ 13 نومبر 2015 19:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء ) وزیر اعلی پنجاب محمدشہباز شریف نے لاہور نالج پارک کے ماسٹر پلان کی منظوری دے دی ،قواعد و ضوابط اور شرائط پر پورا اترنے والی انجینئرنگ کمپنی یکم جنوری تک حتمی طور پر منتخب کر لی جائے گی جس کے بعد منصوبے کے تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا،لاہور نالج پارک میں آئی ٹی یونیورسٹی کے توسیعی منصوبے کے لئے جگہ مختص کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے -یہ بات صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ میں لاہور نالج پارک کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی چھٹی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے بتائی - اجلاس میں کمپنی کے سی ای او شاہد زمان کے علاوہ بورڈ کے ممبرز عرفان علی ، سہیل نقوی ، جنرل (ر) محمد اکرم ، الماس حیدر ، آصف ایچ بخاری ، عبدالرزاق داؤد اور ڈاکٹر نظام الدین نے بھی شرکت کی -صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ 852 ایکڑز پر محیط لاہو رنالج پارک گلوبل نالج اکانومی کی ضروریات پوری کرنے کے حوالے سے مستقبل میں جنوبی ایشیاء کا سب سے اہم سٹیٹ آف دی آرٹ علمی و تکنیکی مرکز ثابت ہو گا - انہوں نے کہا کہ 40ہزار نفوس کی آبادی پر مشتمل عالمی شہرت یافتہ یونیورسٹیوں اور کارپوریٹ سیکٹرکے دفاتر پر مبنی یہ پارک اپلائیڈ سائنسز کی ترویج کا اہم ترین ذریعہ بن جائے گا جو پاکستان کی ترقی او ر آگے بڑھ کر خوشحال اور ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہونے کی جدوجہد میں سنگ میل کا کردار ادا کرے گا - رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ لاہور نالج پارک کے قیام کے سلسلہ میں ہیومن ریسورس کمیٹی، ٹیکنیکل کمیٹی اور کنسلٹنٹس سلیکشن کمیٹی اپنا کام تیزی سے مکمل کر رہی ہیں - یکم جنوری تک نالج پارک کی تعمیر کرنے والی انجینئرنگ کمپنی کا انتخاب کر لیا جائے گا - نالج پارک کے دفاتر کے لئے فیروز پور روڈ پر سائٹ تلاش کی جا رہی ہے - وزیر اعلی پنجاب اس منصوبے کی تکمیل کے لئے بے حد پر جوش ہیں اور انہوں نے حال ہی میں 21ارب روپے کی منظوری دی ہے - یہ ر قم آئندہ تین برسوں میں منصوبے پر مرحلہ وار خرچ کر کے قومی اہمیت کے اس پراجیکٹ کو مکمل کر لیا جائے گا - صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور نالج پارک کے قطہ زمین میں سے آئی ٹی یونیورسٹی کو توسیع کے لئے کچھ رقبہ دینے کے معاملے پر بورڈ آف ڈائریکٹر ز کو کوئی اعتراض نہیں تاہم آئی ٹی یونیورسٹی کی طرف سے اپنے توسیعی منصوبے کی مکمل تفصیلات بورڈ کے سامنے پیش کرنے کے بعد اس پر حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا -

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :