جنرل راحیل شریف کا پاکستان کے جوہری سیکیورٹی نظام پرمکمل اطمینان کااظہار

ایک ذمہ دار جوہری ہتھیارکھنے والی ریاست کے طورپر پاکستان نے اپنے جوہری سیکیورٹی نظام کو بہترین بین الاقوامی طریقوں کے مطابق مستحکم کرنے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں ، آرمی چیف کی پی سی ای این ایس کے دورہ کے موقع پر گفتگو

جمعہ 13 نومبر 2015 19:38

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے پاکستان کے جوہری سیکیورٹی نظام پرمکمل اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ذمہ دار جوہری ہتھیارکھنے والی ریاست کے طورپر پاکستان نے اپنے جوہری سیکیورٹی نظام کو بہترین بین الاقوامی طریقوں کے مطابق مستحکم کرنے کے لئے جوہری سیکیورٹی کے مرکزفضیلت (پی سی ای این ایس) کے قیام سمیت متعدد اقدامات اٹھائے ہیں ، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جمعہ کو پاکستان کے جوہری سلامتی کے مرکزفضیلت کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات اور جاری تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے سٹریٹجک پلانز ڈویژن سیکیورٹی فورسز کے اعلی پیشہ ورانہ معیار اور عزم کو سراہتے ہوئے پاکستان کے جوہری سیکیورٹی کے نظام پرمکمل اطمینان کااظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر افسروں اورجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جوہری سیکیورٹی ایک مقدس ذمہ داری ہے اور مجھے خوشی ہے کہ یہ تدریج ایک روایت کی شکل اختیار کرچکی ہے اور اس حوالے سے ماضی قریب میں ہونیوالی پیشرفت قابل ستائش ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ایک ذمہ دار جوہری ہتھیارکھنے والی ریاست کے طورپر پاکستان نے اپنے جوہری سیکیورٹی نظام کو بہترین بین الاقوامی طریقوں کے مطابق مستحکم کرنے کے لئے پاکستان کے جوہری سیکیورٹی کے مرکزفضیلت (پی سی ای این ایس) کے قیام سمیت متعدد اقدامات اٹھائے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے اپنے اس مرکز میں علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر جوہری سیکیورٹی تعلیم کی فراہمی اور عالمی برادری کو تربیت کی پیشکش کی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اپنے قیام کے بعد سے اس سنٹر میں متعلقہ موضوعات پر متعدد قومی اوربین الاقوامی کورسز منعقد کئے جاچکے ہیں جن میں جسمانی تحفظ جوہری اوریڈیالوجیکل مواد اور سہولیات کی سیکیورٹی اورتحفظ شامل ہیں۔ قبل ازیں پی سی ای این ایس آمد پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کا استقبال ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل مظہر جمیل نے کیا۔