پنجاب یونیورسٹی کے مسیحی ملازمین کے زیر اہتمام زلزلہ زدگان کے لئے دعائیہ تقریب کا اہتمام

جمعہ 13 نومبر 2015 19:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء ) پنجاب یونیورسٹی کے مسیحی ملازمین کی جانب سے 26اکتوبر 2015ء کو پاکستان میں آنے والے ہولناک زلزلے سے متاثرہ افراد کیلئے کیمپس کارپوریشن کے آفس میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کا کیا گیا۔ تقریب کی صدارت سینٹری انسپکٹر چوہدری مشتاق مسیح نے کی جبکہ دیگر شرکاء میں مسیحی برادری کے مذہبی رہنمااور پنجاب یونیورسٹی کے تقریباً600 مسیحی ملازمین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چوہدری مشتاق نے کہا کہ وہ اپنی برادری کی طرف سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیشہ ہر تقریب کے انعقاد کیلئے مسیحی ملازمین کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔انہوں نے مسیحی ملازمین کی جانب سے کرسمس کی تقریب کے لئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئررہنما جناب حمزہ شہباز شریف کی آمد کی خواہش کا اظہار کیا۔ بعد ازاں زلزلہ سے متاثرہ افراد کی بحالی، پاکستان میں امن و خوشحالی ، مذہبی ہم آہنگی اور پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کی ترقی و سر بلندی کیلئے دعا کی گئی۔