الیکشن کمیشن نے اسلام آبادمیں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ کا دورانیہ بڑھا دیا ہے

جمعہ 13 نومبر 2015 18:21

اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 نومبر۔2015ء) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کی 50 یونین کونسلوں میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ کا دورانیہ بڑھا دیا ہے۔ پولنگ صبح 7 بجے سے لے کر شام ساڑھے 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ 30 نومبر کو ہوگی جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست کا اجراء کر دیا گیا ہے اور انہیں انتخابی نشانات بھی الاٹ کر دیئے گئے ہیں۔ امیدواروں کی جانب سے ڈور ٹو ڈور رابطہ مہم جاری ہے۔ سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی اپنے امیدواروں کے لئے پورا زور لگایا جا رہا ہے۔ سیاسی جماعتوں میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے اختلافات بھی سامنے آ رہے ہیں۔