بٹگرام میں 47تولے سونا اور 11لاکھ روپے نقدی چھیننے میں ملوث بین الصوبائی ڈکیت گروہ کے 5 کارندے گرفتار

جمعہ 13 نومبر 2015 17:03

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء) بٹگرام میں 47تولے سونا اور 11لاکھ روپے نقدی چھیننے میں ملوث خطرناک بین الصوبائی ڈکیت گروہ کے پانچ کارندے گرفتار ۔ سونا، نقدی اورگاڑی برآمد۔ گرفتار ملزمان کادیگر علاقوں میں بھی جرائم کا اقرار ۔ ڈی پی او چارسدہ نے غیر معمولی کار کر دگی پر پولیس پارٹی کیلئے نقد انعامات اور سرٹیفیکٹ دینے کا اعلان کیا ۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ شفیع اللہ خان نے ڈی ایس پیز رضا محمد خان ،گوہر خان ،، فیاض خان ،ایس ایچ اوز گل شید خان ،علی جان خان اور انسپکٹر نیا ز محمد خان کے ہمراہ پولیس سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ شبقدر پولیس نے بین الصوبائی ڈکیت گروہ کے پانچ کارندوں کو گرفتار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈکیت گروہ نے 16اکتوبر کو اوچہ ولہ بٹگرام میں پشاور کے صراف مسحر ولد سکندر کو گن پوائنٹ پر یر غمال بنا کر شدید زحمی کیا اور بعد ازاں ان سے 47تولہ سونا اور 11لاکھ روپے نقدی چھین کر فرار ہوئے ۔

ڈی پی او چارسدہ نے کہا کہ آئی جی خیبر پختون ناصر خان درانی اور ڈی آئی جی سعید وزیر کے احکامات کے روشنی میں ڈی ایس پی شبقدر فیاض خان ، ایس ایچ او علی جان خان اور انسپکٹر نیاز محمد پر مشتمل تفتیشی ٹیم نے جدید سائنسی خطوط پر واقعہ کے محرکات کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور پشاور سمیت دیگر علاقوں میں بھی تفتیش کا دائرہ وسیع کیا ۔ دوران تفتیش پانچ ملزمان عبداللہ ولد حضر ت سید، طراب ولد گل خان ،خیال محمد ولد نیک محمد ، فاروق ولد سردار اور محمد نواز ولد شاہنواز کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا گیا جنہوں نے دوران تفتیش صراف کو لوٹنے سمیت دیگر علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کے وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کا اقرار کیا ۔

ڈی پی او چارسدہ نے کہاکہ گرفتار ملزمان سے 14تولے سونا ، ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی ، اسلحہ اور ڈکیتی میں استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی برآمد ہو ئی ہے ۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا گیا ہے اور عنقریب وہ بھی قانون کے کٹہرے میں ہونگے ۔ڈی پی او چارسدہ نے غیر معمولی کار کر دگی دکھانے پر پولیس ٹیم کیلئے نقد انعامات اور سرٹیفیکیٹ دینے کا اعلان کیا ۔