ڈپٹی کمشنر مردان کا پولیو کی تین روزہ مہم کے دوران مختلف یونین کونسلوں کا اچانک دورہ

جمعہ 13 نومبر 2015 17:02

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء ) ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے مر دان میں پولیو کے تین روزہ مہم کے دوران مختلف یونین کونسلوں کا اچانک دورہ کیا۔ اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی۔ کہ کوئی بھی بچہ اس مہم میں پولیو کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔ تاکہ اس موذی مرض سے جلد از جلد چھٹکارا پایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل کس کورونہ ، رستم اور یونین کونسل بازار میں پولیو مہم کے چیکنگ کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر مردان نے پولیو مہم سے منسلک تمام افسران اور عملہ کو آگاہ کیا۔ کہ ملک اس وقت پولیو کے حوالے سے اہم موڑ سے گزر رہا ہے۔ تمام لوگ اس مہم کو انتہائی اہمیت دے اور پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر اس خطرناک مرض کے خاتمے کے لئے اہم کردار ادا کریں۔ اس مہم میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائے جائیگی۔ انہوں نے تمام سٹاف کو ہدایت کی۔ کہ اس مہم میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کیجائیگی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر مردان نے تحصیل دار رستم کے دفتر کا اچانک دورہ کیا۔ اور محکمہ مال کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دے اور اپنے ریکارڈ کو درست رکھے۔