ایوان بالا کا اجلاس اپنے ایجنڈے کی تکمیل پر غیر معینہ مدت تک ملتوی ،آئندہ سیشن دسمبر میں ہوگا

جمعہ 13 نومبر 2015 16:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء) ایوان بالا کا اجلاس اپنے ایجنڈے کی تکمیل پر غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا آئندہ سیشن دسمبر میں ہوگا جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار ایوان کو ملکی معیشت کی بحالی اور غیر ملکی قرضوں بارے تفصیلی بریفنگ اور سینیٹرز کے سوالوں کے جواب دینگے۔ جمعہ کو نماز کے وقفے سے قبل چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے بارے صدارتی حکم نامہ پڑھ کرسنایا۔

(جاری ہے)

ختم ہونے والا سیشن دو ہفتے جاری رہا جس میں حکومتی بزنس متعدد بلوں کی منظوری سمیت تحاریک التواء اور توجہ دلاؤ نوٹسز نمٹائے گئے۔ سینٹ کا آئندہ اجلاس دسمبر میں متوقع ہے جس میں وزیر خزانہ ایوان کو معیشت پر تفصیلی بریفنگ دیں گے جمعہ کو جب وقت کی کمی کی وجہ سے چیئرمین نے وزیر خزانہ کو بات جلد مکمل کرنے کے لئے کہا تو وزیر خزانہ نے کہا کہ ارکان کے اٹھائے سوالوں کا جواب میرا حق ہے آپ آئندہ سیشن میں موقع دیں تمام تحفظات دور کرنا چاہتا ہوں چیئرمین رضا ربانی نے سیکرٹریٹ کو ہدایت کی کہ آئندہ سیشن میں وزیر خزانہ کی معیشت اور قرضوں بارے بریفنگ کو ایجنڈے میں شامل کیا جائے۔