پی سی بی نے بورڈ آف گورننگ کا اجلاس 17نومبر کو طلب کرلیا

جمعہ 13 نومبر 2015 15:02

پی سی بی نے بورڈ آف گورننگ کا اجلاس 17نومبر کو طلب کرلیا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 نومبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سال ہونیوالی پاکستان سپر لیگ اور پاک انڈیا کرکٹ سیریز کے مستقبل سمیت اہم معاملات کا جائزہ لینے کیلئے بورڈ آف گورننگ کااجلاس 17نومبر کو طلب کرلیا جس میں اہم فیصلے لئے جائینگے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کیلئے بورڈ آف گورننگ کے ممبران کو مدعو کیا گیا ہے جس میں آئندہ سال فروری میں ہونے والی پہلی پاکستان سپر لیگ کے مستقبل ، سپانسرز اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ہونیوالے رابطوں میں پیش رفت پر غور کیا جائیگا جبکہ نجم سیٹھی اس حوالے سے گورننگ بورڈ کو تفصیلی بریفنگ بھی دینگے جس پر پی ایس ایل کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائیگا ۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں پاک بھارت کرکٹ سیریز کے مستقبل اور بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے حالیہ بیانات پر بھی غور ہوگا ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ا جلاس میں کھلاڑیوں کے ڈسپلن اور پی سی بی کیلئے بدنامی کا باعث بننے والی قومی کرکٹر عمر اکمل کے معاملے پر بھی غور ہوگا اس حوالے سے اہم فیصلے کئے جانے کا امکان ہے