اسرائیلی فوج کے فلسطینی ہسپتالوں پر چھاپے، زیرعلاج 8 زخمیوں کو گرفتار کرلیا

جمعہ 13 نومبر 2015 14:49

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء) فلسطین میں انسانی حقوق تنظیموں نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے حالیہ ایام میں ہسپتالوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران کم سے کم 8 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے داخلی سلامتی کے بدنام زمانہ ادارے شاباک کے اہلکاروں نے ہسپتالوں پر چھاپوں کے دوران کینسر کے فلسطینی مریض کو بھی حراست میں لیا ہے اور اسے بھی دوران حراست ہولناک تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

رام اللہ میں امور اسیران ومحررین باڈی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حراست میں لئے گئے نصف فلسطینی الرملہ ہسپتال سے اٹھائے گئے جن کی شناخت مصنع غنیمات، جلال شروانہ، ماھر الفروخ اور ایاد الجعبی کے ناموں سے کی گئی ہے جبکہ دوسرے فلسطینیوں کو بیت المقدس میں ھداسا عین کارم ہسپتال سے اغواء کیا گیا۔

(جاری ہے)

ان کی شناخت محمد شلالدہ، حلوہ علیان، مقداد الحیح اور اسراء جعابیص کے ناموں سے کی گئی ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیم نے ہسپتالوں سے زخمیوں کواغواء کرنے کے واقعات کو انسانی حقوق کی سنگین پامالی قرار دیا ہے۔ انسانی حقوق گروپ کاکہنا ہے کہ ہسپتالوں سے حراست میں لئے گئے شہریوں میں کئی افراد مختلف نوعیت کے امراض کا شکار ہیں۔ بیشتر شدید زخمی ہیں۔ گزشتہ روز عین کارم ہسپتال سے محمد شلالدہ نامی ایک نوجوان کو یرغمال بنانے کیلئے اسرائیلی فوج کے اہلکار بھیس بدل کر ہسپتال میں داخل ہوئے۔ انہوں نے نہ صرف شلالدہ کو یرغمال بنایا بلکہ گولیاں مار کر اس کی دیکھ بحال کرنیوالے ایک نوجوان کو شہید کردیا۔

متعلقہ عنوان :