حماس کی بیروت کے جنوبی علاقے میں دہشت گردوں کے بم دھماکوں کی شدید مذمت، وحشیانہ کارروائی قرار دیا

مشکل کی گھڑی میں فلسطینی قوم لبنانی عوام کیساتھ ہے، بیان

جمعہ 13 نومبر 2015 14:49

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء) حماس نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقے میں دہشت گردوں کی جانب سے کئے گئے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے وحشیانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ حماس نے کہا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں پوری فلسطینی قوم اور حماس لبنانی قوم کیساتھ ہے۔ خیال رہے گزشتہ شام بیروت کے جنوب میں البراجنہ ٹاور میں ہونیوالے بم دھماکوں میں کم سے کم 43 افراد ہلاک اور240 زخمی ہوگئے تھے۔

داعش کہلوانے والی تنظیم نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ برج البراجنہ میں دھماکے دہشت گردی ہیں جن کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان میں دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں حماس اور پوری فلسطینی قوم دکھ کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

مشکل کی اس گھڑی میں ہم لبنانی قوم کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

لبنانی فوج اور پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گرینچ کے معیاری وقت کے مطابق رات 18 بجے ہوا۔ ایک دھماکہ عین السکہ قصبے میں ہوا جبکہ اس کے بعد البراجنہ ٹاور میں ہونیوالے سلسلہ وار دھماکوں کے نتیجے میں دسیوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔ دھماکوں کے بعد فوج اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تھا۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کئے جا رہے ہیں۔ دھماکوں کی عالمی سطح پر مذمت کی جا رہی ہے۔