مون گارڈن فلیٹس کے مکین دوسری رات بھی کھلے آسمان تلے گزارنے پرمجبور

جمعہ 13 نومبر 2015 14:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء)کراچی کے مون گارڈن فلیٹس کے مکین سائبان چھن جانے کے بعد دوسری رات بھی سڑک پر گزاری ۔ دکھیاری خواتین کے آنسو رکنے کا نام نہیں لے رہے ۔ وزیر بلدیات پھر آسرا دے کر چل دیئے ۔ زندگی بھر کی جمع پونچی سے چھت خریدی جو چھن گئی ، بے آسرا لوگ نم آنکھوں کے ساتھ بے بسی کی تصویر بنے کھلے آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور ہیں ۔

متاثرین انصاف کی آس میں آنکھوں میں امید سجائے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کرنے پہنچے ۔

(جاری ہے)

درخواست سندھ ہائیکورٹ نے ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی تاہم متاثرین کو مقدمے میں فریق بننے کی اجازت دیدی گئی ۔ مکینوں کا کہنا ہے سرکاری حکام اور بلڈرز نے دھوکا دیا اور جس کی سزا انہیں مل رہی ہے ۔ صورتحال کی سنگینی کے بعد وزیر بلدیات ناصر شاہ نے متاثرین کو امید دلائی کہ انہیں حق دلانے کیلئے حکومت سندھ بھرپور قانونی مدد فراہم کرے گی ۔ حکومتی یقین دہانی نے متاثرین کو امید کی ایک کرن تو دکھا دی ہے لیکن آشیانہ دوبارہ آباد ہونے تک انہیں کتنی راتیں سڑک پر گزارنی پڑیں گی یہ کسی کو معلوم نہیں ہے ۔