مظفرآباد‘ٹیوٹا ایمپلائز ایسوسی ایشن نے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کردیا

جمعہ 13 نومبر 2015 13:12

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔13 نومبر۔2015ء)ٹیوٹا ایمپلائز ایسوسی ایشن نے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کردیا‘سکیل اپ گریڈ نہ ہوئے تو ایک ماہ بعد تالہ بند ہڑتال ہوگی۔ بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے ٹیوٹا کا کردار ناقابل فراموش ‘ لیکن اسے پسماندہ رکھنا تباہ کن ہے۔ ٹیوٹا کے ملازمین کا ٹائم سکیل ابھی تک اپ گریڈ نہ ہونے کیخلاف ٹیوٹاایمپلائز ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس طلب۔

گزشتہ روز صدر ٹیوٹا ایمپلائز ایسوسی ایشن راجہ شکیل کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں عہدیداران و ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں مشاورتی عمل تیز کرتے ہوئے حکومت کو ایک مہینے کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے صدر ٹیوٹا ایمپلائز راجہ شکیل خان نے کہا کہ بیس سالوں سے ٹرینرز کے سکیل اپ گریڈ نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر کے اندر بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے جو کردار ٹیوٹا کا ہے یقینا اسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا مگر کسی بھی حکومت نے اس اہم ادارے کی طرف توجہ نہیں دی۔

سیکرٹری مالیات یکسر ٹیوٹا کو نظر انداز کررہے ہیں۔ اجلاس میں مرکزی جنرل سیکرٹری شبیر اعوان‘ ضلعی صدر ساغر علی بخاری‘ روشن خان‘ شہناز گیلانی نے بھی خطاب کے دوران کہا کہ آزادکشمیر کے دیگر محکمہ جات میں ہزاروں ملازمین موجود ہیں جن کے سکیل اپ گریڈ کیئے جاچکے ہیں۔ یہ واحد محکمہ ہے جس کی کاوشوں کی بدولت سینکڑوں نوجوان بیرون ملک باروزگار ہیں اور زرمبادلہ دے رہے ہیں۔

لیکن افسوس کیساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اس ادارہ کی طرف توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ اپریل 2011سے اب تک ملازمین کا مطالبہ پورا نہ ہوسکا ‘ ہمارے چارٹر آف ڈیمانڈ میں ٹیچر کے سکیل اپ گریڈکرنا ہے۔ دیگر محکمہ جات کے اندر ٹائم سکیل دیئے جاچکے ہیں۔ ہنر مند افراد کسی بھی ریاست کے اندر ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ حکومت آزادکشمیر ایک ماہ کے اندر اندر ہمارے مطالبہ پر عملدرآمد کو یقینی بنائے بصورت دیگر مستقل بنیادوں پر تالہ بند احتجاج کرینگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت و انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

مقررین نے مزید کہا کہ آزادکشمیر حکومت و اپوزیشن دونوں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں لگے ہوئے ہیں۔ جبکہ ہنرسکھانے کیلئے ٹیوٹا ملازمین جس قدر اپنی سروسز فراہم کررہے ہیں جو ناقابل فراموش ہے ۔ عام لوگ تو اس ادارہ کی قدر کررہے ہیں لیکن یہ دواہم ستون ٹیوٹا ملازمین کو نظر انداز کیوں کررہے ہیں جو سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا اور حکومت لازم وملزوم ہیں۔

حکومت ٹیوٹا کے بغیر بیروزگاری کا خاتمہ نہیں کرسکتی۔ ملازمین کے سکیل اپ گریڈ نہ ہونے کے باعث ٹرینرز کو مشکلات کاسامنا ہے۔ مہنگائی جس قدر بڑھ رہی ہے۔ اسی تناسب سے ہمارے مسائل بھی بڑھ رہے ہیں۔ ہمارے مسائل کی طرف توجہ دینا متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے اس سے غافل ہونے کے بجائے اپنے فرائض منصبی بطریق احسن انجام دیتے ہوئے مطالبہ پر نظر ثانی کر کے ہمارے سکیل اپ گریڈ کیئے جائیں بصورت دیگر ایک ماہ بعد دمادم مست قلندر ہوگا۔