متحدہ کو یہ بات زیب نہیں دیتی کہ وہ کراچی کی ترقی کا کریڈٹ خود لے،5دسمبر کو متحدہ کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی،وقار مہدی، راشد ربانی

جمعرات 12 نومبر 2015 23:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات و وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی اور وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی نے حالیہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے خصوصیت کیساتھ پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت پر بلاجواز جس طرح سے تنقید کا بازار گرم کررکھا ہے وہ نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ یہ اپنے برے اعمال پر پردہ ڈالنے اور جھوٹ کو اس کثرت سے بولے جانے کہ جھوٹ پر سچ کا گمان ہو نے کی ایک ناکام کوشش ہے۔

جمعرات کوپی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ لگتا یہی ہے کہ متحدہ کی یادداشت کم ہوچکی ہے وگرنہ وہ ماضی کے جھرونکوں میں جھانک کر اس بربادی اور ہلاکت کا پس منظر ضرور دیکھ لیتی جس کی وہ خالق ہے اور جس کی بدولت آج کراچی پورے ملک کی سلامتی کے لیے ایک سوالیہ نشان بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سیاست کرنا سب کا حق ہے لیکن یہ کہاں کا انصاف ہے کہ اپنے کردہ گناہوں کا بار بھی دوسروں پر ڈال دیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ متحدہ کو یہ بات زیب نہیں دیتی کہ وہ کراچی کی ترقی کا کریڈٹ خود لے۔ سندھ اسمبلی ہو یا قومی اسمبلی پی پی پی نے کراچی کے لیے کیا کیا وہ سب اسمبلی کے ریکارد پر ہے البتہ ایک کام پی پی پی نے کبھی نہیں کیا اور نہ ہی کبھی کرے گی اور وہ کام کسی آمر کی کاسہ لیسی ہے۔ مشرف کی آمریت میں جب متحدہ بلا شرکت غیرے اقتدار پر قابض تھی تو اس نے کونسے کام کیے۔

کراچی والوں کے حصے میں تو صرف بوری بند لاشیں اور بھتے کی پرچیاں ہی آئیں۔ انھوں نے کہا کہ متحدہ کو یہ الہام ہوگیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد سے متحدہ ہی کے میئر منتخب ہوں گے تو ابھی بلدیاتی الیکشن صرف چند دن دور ہی ہیں اور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کراچی کے عوام اس بار لسانیت کا شکار ہیں ہوں گے اور 5دسمبر کی شام متحدہ کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی۔

متعلقہ عنوان :