بلدیاتی انتخابات میں امن و امان کے حوالے سے تمام تر حفاظتی اقدامات کئے ‘دراز شریف واقعہ کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کورنگی کراسنگ پر 750ملین روپے کے کورنگی کراسنگ فلائی اوور منصوبہ کے سنگ بنیاد کے موقع پر خطاب `

جمعرات 12 نومبر 2015 23:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ان کی حکومت کو بہت زیادہ حساس پولنگ اسٹیشن پر آرمی کی تعیناتی پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا، انہوں نے کہاکہ ہم نے بھی آنے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران امن و امان کے حوالے سے تمام تر حفاظتی اقدامات کئے ہیں،جمعرات کو کورنگی کراسنگ پر 750ملین روپے کے کورنگی کراسنگ فلائی اوور منصوبہ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے بعد میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔

اس موقعہ پر صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ ، اور وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو ، ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد عباسی، میونسپل کمشنر سمیع صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ دراز شریف واقعہ کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تین ڈویژن کے 15اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تمام تر ضروری سیکیورٹی کے انتظامات کر لئے گئے ہیں۔

صرف دو اضلاع سانگھڑ اور بدین کو بہت زیادہ حساس قرار دیا گیا ہے باقی 13اضلاع میں صرف چند یونین کونسلیں حساس ہیں۔سید قائم علی شاہ نے کہا کہ وہ تمام اضلاع جہاں پر بلدیاتی انتخابات ہور ہے ہیں وہاں فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کئے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ سول انتظامیہ کی مدد کے لئے پولنگ اسٹیشنس پر آرمی کی تعیناتی پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کی تعیناتی کے حوالے سے پہلے ہی تمام تر کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہوں نے دراز شریف کے ملزمان کے خلاف کاروائی سے متعلق پیر پگارا سے بات کی ہے اسکے علاوہ ان سے 15اضلاع باالخصوص سانگھڑ میں بلدیاتی انتخابات کے پر امن انعقاد کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پیر صاحب پاگارا مطمئن ہیں ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان کی حکومت چیف جسٹس آف سندھ ہائی کورٹ سے دراز شریف کے المناک سانحے کی انکوائری کے لئے پہلے ہی جیوڈیشل انکوائری کے لئے جج کی تعیناتی کی درخواست کر چکی ہے۔ کورنگی کراسنگ فلائی اوور سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ منصوبہ 750ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا اور اس کے دو لیول ہیں پہلے لیول پر لاگت کا تخمینہ 404.926ملین روپے ہوگا۔ فلائی اوور کی لمبائی 408میٹرز ہے اور یہ 12ماہ کی مدت میں مکمل ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی وزیر بلدیات بہت محنتی ہیں اور وہ روزانہ کی بنیاد پر اس منصوبہ کی نگرانی کریں گے، انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی بدولت کورنگی انڈسٹریل ایریا میں رہنے والے لوگوں کو بہت زیادہ سہولتیں میسر آئیں گی۔