برطانیہ اور بھارت کا 9 ارب پاؤنڈ مالیت کی نئی شراکت داری کا اعلان ،سول نیوکلیئر معاہدے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے معاہدوں پر دستخط

برطانیہ کے ساتھ سول جوہری معاہدے پر دستخط کیے ہیں جو ایک دوسرے پر ہمارے اعتماد کی علامت ہے،بھارتی وزیراعظم

جمعرات 12 نومبر 2015 22:20

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء) برطانیہ اور بھارت نے 9 ارب پاؤنڈ مالیت کی نئی شراکت داری کا اعلان کرتے ہوئے سول نیوکلیئر معاہدے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے معاہدوں پر دستخط کردیئے ۔جمعرات کوغیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے برطانیہ کے تین روزہ دورے پر لندن پہنچنے کے بعد وزیراعظم ڈیوڈکیمرون سے ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ میں انکی سرکاری رہائش گاہ پرملاقات کی۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،سول جوہری معاہدے ،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقبل نشست کیلئے حمایت کرنے ،دہشتگردی کے خلاف جنگ ،خطے کی صورتحال،دفاع،تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی وزیراعظم ڈیوڈکیمرون نے کہاکہ بھارت برطانیہ کا امریکا سے بڑا اقتصادی پارٹنر ہے ،نریندر مودی سے ملاقات میں معاشی ،دفاعی اور عالمی پارٹنر شپ پر بات ہوئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا بھارتی وزیراعظم سے ملاقات میں اسمارٹ سٹیز بنانے پراتفاق کیاگیا،بھارت کی برطانیہ میں سرمایہ کاری سے 8ہزارافراد کوروزگار ملا۔ڈیوڈ کیمرون نے کہاکہ برطانیہ نے بھارت میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کی ہے ،بھارت اسلحہ درآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے ۔انھوں نے کہاکہ برطانیہ اور بھارت کے درمیان گہرے تعلقات ہیں جنھیں مزید فروغ دیا جائے گا۔

دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔ڈیوڈ کیمرون نے کہاکہ بھارت اور برطانیہ نے دوطرفہ اجلاس تیز کرنے ،ٹیکنالوجی ،ثقافت،تعلیم ،دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔برطانیہ سلامتی کونسل میں بھارت کی مستقل رکنیت کی بھی حمایت کرتاہے ۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اس موقع پر کہاکہ برطانیہ کے ساتھ سول جوہری معاہدے پر دستخط کیے ہیں جو ایک دوسرے پر ہمارے اعتماد کی علامت ہے ۔

۔ایک برطانوی صحافی نے بھارتی وزیراعظم سے سوال کیا کہ بھارت میں انتہا پسندی عدم برداشت تیزی سے پھیل رہی ہے جس پر بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے کہاکہ حکومت بھارت میں ہونے والے ہر واقعے کی ذمہ دار نہیں ۔اس سے قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے برطانیہ پہنچنے کے بعد ڈیوڈکیمرون سے ملاقات کیلئے ٹین ڈاؤن سٹریٹ آمد کے پر کشمیریوں ،سکھوں،دلت اور مسیحی برادری ،خالصتان تحریک اور اقلیتوں کے ہزاروں افراد نے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا اور پارلیمنٹ کی طرف مارچ کیا ۔