وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے شکایات ازالہ سیل کی کوششیں رنگ لے آئی

سعید آباد نمبر 2کی رہائشی اور عالمزیب مرحوم کی بیوہ کو گھر پر قابضین کا قبضہ چھڑوا کر انتقال کے کاغذات واپس دلا دیئے

جمعرات 12 نومبر 2015 21:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے شکایات ازالہ سیل کی کوششوں سے دلہ زاک روڈ سعید آباد نمبر 2کی رہائشی اور عالمزیب مرحوم کی بیوہ کو ان کے گھر پر قابضین کا قبضہ چھڑوا کر اسے انتقال کے کاغذات واپس دلا دیئے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے جمعرات کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں متاثرہ بیوہ خاتون کو اس کے مکان کی ملکیت کے کاغذات حوالے کئے اس موقع پر وزیراعلیٰ شکایات سیل کے چیئرمین دلروز خان اور ڈپٹی چیئرمین مکرم خان آفریدی اور متاثرہ خاتون کا بیٹا بھی موجود تھے۔

متاثرہ خاتون اور وزیراعلیٰ شکایات سیل سے موصولہ تفصیلات کے مطابق دلہ زاک روڈ سعید آباد نمبر 2کی رہائشی مذکورہ خاتون کے شوہر عالمزیب مرحوم نے چند سال قبل اپنی زندگی میں مومن ٹاؤن دلہ زاک روڈ پشاور میں شاکر اور امجد نامی افراد سے ایک مکان خریدا تھا اور انہیں پوری قیمت بھی ادا کی گئی تھی لیکن متاثرہ خاتون کے شوہر کے انتقال کے بعد شاکر اور امجد وغیرہ نے متاثرہ خاتون کے مکان کے تالے زبردستی توڑے اور اس گھر کو ایک دوسرے شخص کو مبلغ 56لاکھ روپے میں فروخت کر دیا۔

(جاری ہے)

متاثرہ خاتون متعدد جرگوں کے باوجودشنوائی نہ ہونے کے نتیجے میں وزیراعلیٰ شکایات سیل آئی جس پرشکایات سیل کے چیئرمین نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے مکان کے قابضین شاکر اور امجدسے ورسک روڈ پرمکان کا قبضہ لیکر متاثرہ خاتون کو دلوایا جبکہ مکان کی ملکیت کے کاغذات وزیراعلیٰ نے خود متاثرہ خاتون کے حوالے کئے۔ متاثرہ خاتون اور اس کے بیٹے نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور وزیراعلیٰ شکایات سیل کے تمام متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شکایات سیل نے ان کی فریاد سن کر بروقت کاروائی کی اور اسے اپنا مکان واپس دلوا کر انصاف کے تقاضے پورے کئے ہیں۔