کور کمانڈرز کانفرنس کا اعلامیہ حقیقت پر مبنی ہے،آئی ایس پی آر کے بیان پر واویلا بے بنیاد ہے‘چیئرمین سنی اتحاد کونسل

حکومت فوج کے بیان کو تعمیر ی اور مثبت سمجھے اور گورننس کی خامیاں دورکرے،پارلیمنٹ کھرب پتیوں امیروں کا کلب بن چکی ہے

جمعرات 12 نومبر 2015 20:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس کا اعلامیہ حقیقت پر مبنی ہے،آئی ایس پی آر کے بیان پر واویلا بے بنیاد ہے،فوج نے حکومت کو گڈ گورننس کی طرف متوجہ کرکے کوئی جرم نہیں کیا ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت فوج کے بیان کو تعمیر ی اور مثبت سمجھے اور گورننس کی خامیاں دورکرے۔

پارلیمنٹ کھرب پتیوں امیروں کا کلب بن چکی ہے۔گیس کی قیمتوں میں اضافے کی ظالمانہ تجویز واپس لی جائے۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا کردار نظر نہیں آرہا ہے۔ قطر سے ایل این جی کی در آمد کے معاہدے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے۔صحت و تعلیم کے مسائل حکومتی ترجیحات میں شامل نہیں۔

(جاری ہے)

ضرب عضب کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے حکومت اپنا کردار ادا کرے۔

حکومت نے سارا بوجھ فوج پر ڈال رکھا ہے۔نیشنل ایکشن پلان کے بیس نکات میں سے صرف تین نکات پر عمل ہو سکا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت غربت نہیں غریبوں کو ختم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔حکومت نے ڈھائی سالوں میں صرف اپنے خاندان کو نوازا ہے اور کرپشن کو فروغ دیا ہے۔محمود خان اچکزئی ایسی باتیں نہ کریں جس سے اداروں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہوں۔ حکومت زلزلہ متاثرین کے گھروں کی جلد تعمیر کیلئے اقدامات کرے۔