گروپ بندی برداشت نہیں کی جائیگی ،پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائیگا ، مسلم لیگ(ن)ایک منظم سیاسی جماعت ہے ،پارٹی قیادت کے فیصلوں کی پابندی سب پر لازم ہے،میئرو ڈپٹی میئرز، چیئرمین ووائس چیئرمین ضلع کونسل اور چیئرمین و وائس چیئرمین میونسپل کارپوریشن کے امیدواروں کا فیصلہ لوکل باڈیز بورڈ کریگا ، فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 20نومبر ہے، یونین کونسل کی مخصوص نشستوں کیلئے امیدواروں کا فیصلہ ضلع کی سطح پر بنائی گئی کمیٹیاں کریں گی

مسلم لیگ(ن) کے رہنماء حمزہ شہبازشریف کی بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلہ کے 12اضلاع کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ویڈیوکانفرنس

جمعرات 12 نومبر 2015 20:35

گروپ بندی برداشت نہیں کی جائیگی ،پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماء ایم این اے حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ان الیکشن کے نتائج نے 2013ء کے عام انتخابات کے نتائج پرمہر تصدیق ثبت کردی ہے۔پاکستان مسلم لیگ(ن)ایک منظم سیاسی جماعت ہے اورپارٹی قیادت کے فیصلوں کی پابندی سب پر لازم ہے۔

پارٹی کے اندر کسی قسم کی گروپ بندی برداشت نہیں کی جائے گی اورپارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ وہ جمعرات کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلہ کے 12اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب کے پہلے مرحلے میں 12اضلاع میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کے آئندہ مرحلہ برائے انتخاب میئرو ڈپٹی میئرز، چیئرمین ووائس چیئرمین ضلع کونسل اور چیئرمین و وائس چیئرمین میونسپل کارپوریشن کے امیدواروں کا فیصلہ لوکل باڈیز بورڈ کرے گااورمیئروڈپٹی میئرز،چیئرمین ووائس چیئرمین ضلع کونسل اور چیئرمین و وائس چیئرمین میونسپل کارپوریشن کے عہدوں کیلئے فارم پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ویب سائٹ اورفیس بک سے ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں جبکہ ان عہدوں کیلئے فارم پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دفتر و اقع نیو مسلم ٹاؤن پر13نومبر سے دستیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان عہدوں کیلئے فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 20نومبر مقرر کی گئی ہے جبکہ 12اضلاع میں میونسپل کارپوریشن،ضلع کونسل اورمیونسپل کمیٹی کی مخصوص نشستوں کیلئے فارم بھی 20نومبر تک جمع کرائے جاسکتے ہیں ۔حمزہ شہبازنے کہا کہ یونین کونسل کی مخصوص نشستوں کیلئے امیدواروں کا فیصلہ ضلع کی سطح پر بنائی گئی کمیٹیاں کریں گی۔