واپڈا نجکاری کے خلاف میپکو اور لیسکو ملازمین کا احتجاج

حکومت بجلی کے نئے منصوبے اور پہلے سے بند پڑے بجلی گھروں کو چالو کرنے کی بجائے نجکاری پر تلی ہوئی ہے جس سے لاکھوں ملازمین بے روزگار ہوجائیں گے، مظاہرین

جمعرات 12 نومبر 2015 19:36

ملتان، لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 نومبر۔2015ء) واپڈا نجکاری کیخلاف ملتان میں میپکو ملازمین نے دفاتر کی تالہ بندی کرکے ریلی نکالی اوراحتجاج کیا۔ مظاہرین حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔میپکو ملازمین نے دفاتر کی تالہ بندی کی اور خانیوال روڈ کوبلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی کے نئے منصوبے اور پہلے سے بند پڑے بجلی گھروں کو چالو کرنے کی بجائے نجکاری پر تلی ہوئی ہے جس سے لاکھوں ملازمین بے روزگار ہوجائیں گے اور صارفین کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر واپڈا نجکاری کا عمل نہ روکا گیا تو ملک بھر کی بجلی بند کردی جائے گی۔دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے سامنے آل پاکستان ہائیڈرو ورکرز یونین اور لیسکو کے ملازمین نے بھی واپڈا کی نجکاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے واپڈا سمیت قومی اداروں کی نج کاری کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے یونین رہنماوں کا کہنا تھا کہ حکومت کو اداروں کی نجکاری نہیں کرنے دیں گے۔اگر حکومت نے اداروں کی نجکاری کی تو ملک گیر دھرنے اور احتجاجی مظاہرے کریں گے۔مظاہرین کے احتجاج کے باعث مال روڑ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ عنوان :