رواں برس کے دوران کپاس کی ایک کروڑ 14 لاکھ گانٹھیں پیدا ہونگی ٗ تخمینہ لگانے و الے ادارے کا دعویٰ

دوسری مرتبہ نظر ثانی کردہ ہدف میں اب مزید کمی کی ضرورت نہیں پڑے گی ٗڈاکٹر خالد عبد اﷲ

جمعرات 12 نومبر 2015 18:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔12 نومبر۔2015ء)کپاس کی فصل کا تخمینہ لگانے والے سرکاری ادارے کے مطابق رواں برس کے دوران کپاس کی ایک کروڑ 14 لاکھ گانٹھیں پیدا ہوں گی جواس سال کیلئے مقرر کردہ ہدف سے 40 لاکھ کم ہیں۔اس لحاظ سے یہ پچھلے کئی سالوں میں کپاس کی سب سے بڑی فصل ہے اس سے پہلے پانچ سال پہلے کپاس کی فصل سیلاب کی وجہ سے تباہ ہو گئی تھی۔

پاکستان میں کپاس کی سالانہ کھپت ایک کروڑ 50 لاکھ گانٹھوں سے زیادہ ہے اس کا مطلب یہ ہوا کہ ملک میں اس سال 40 سے 50 لاکھ گانٹھیں درآمد کرنا پڑیں گی جس کیلئے حکومت کو چار سے پانچ ارب ڈالر خرچ کرنا ہوں گے۔کپاس کے تخمینے کیلئے قائم کردہ کمیٹی کے تیسرے اجلاس میں پیش کردہ یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ملک کو کپاس کے ایسے بحران کاسامنا ہے جس کی شدت کا درست اندازہ اب تک سرکاری اور آزاد ماہرین بھی نہیں لگا پائے۔

(جاری ہے)

کپاس کے تخمینے کے اس سرکاری ادارے نے ابتدائی ہدف پر چند ہفتے پہلے ہی نظر ثانی کر کے اسے ڈیڑھ کروڑ سے کم کر کے ایک کروڑ 30 لاکھ گانٹھیں کر دیا تھا۔ تاہم وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری میں ہونے والے اس اجلاس میں پیش کیے گئے اعدادوشمار کی روشنی میں اس ہدف پر ایک بار پھر نظر ثانی کر کے اسے ایک کروڑ 14 لاکھ کر دیا گیا ہے۔اجلاس میں شرکت کے بعد حکومت پاکستان کے کاٹن کمشنر ڈاکٹر خالد عبداﷲ نے بتایا کہ اس دوسری مرتبہ نظر ثانی کردہ ہدف میں اب مزید کمی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

ہم کافی حد تک یقین سے کہ سکتے ہیں کہ کپاس کی فصل کا حجم اس سے مزید کم نہیں ہو گا اور ایک کروڑ 14 لاکھ کے قریب گانٹھیں روئی بنانے والی ملز میں پہنچ جائیں گیانھوں نے کہا کہ کپاس کی فصل کی اس بری کارکردگی کی دو بنیادی وجہ ہیں۔ ایک تو یہ کہ صوبہ پنجاب کے کپاس پیدا کرنے والے اضلاع میں ضرورت سے زیادہ بارش ہوئی اور دوسری اور زیادہ اہم وجہ کسانوں تک معیاری اور تصدیق شدہ بیج کا نہ پہنچ پانا ہے۔

کپاس کیلئے 40 ہزار من بیج کی ضرورت ہوتی ہے تاہم رواں سال ہم اس کا صرف 22 فیصد ہی کسانوں تک پہنچا پائے۔ یہ مقدار پچھلے سالوں کی نسبت تو بہت زیادہ ہے مگر کسان کی ضرورت سے پھر بھی بہت کم ہے۔ڈاکٹر خالد عبداﷲ نے معیاری اور تصدیق شدہ بیج کی عدم فراہمی کی ذمہ داری بیج کی کمرشل پیدوار کی ذمہ دار نجی بیج کمپنیوں پر عائد کی۔ملک میں 700 سے زائد بیج کمپنیاں کام کر رہی ہیں اس کے باوجود کسانوں کو بیج نہ ملنا بدقسمتی کی بات ہے ٗاس مسئلے کے حل کے لیے حکومت نے بیج کی تیاری اور تقسیم کا نیا قانون حال ہی میں منظور کیا جس کے بعد امید ہے کہ یہ مسئلہ دوبارہ پیدا نہیں ہوگا۔