آمریت کے پجاری نہیں چاہتے ہم متحد رہیں مگر ہم سب کو متحد کریں گے ،بلاول بھٹو زرداری

سندھ میں سب پیپلزپارٹی کیخلاف اکٹھے ہوجاتے ہیں ،وادی مہران میں ووٹ کسی پیر ، میر کا نہیں بینظیر کا ہے،مٹھی دیوالی کی تقریب سے خطاب

جمعرات 12 نومبر 2015 17:59

مٹھی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔12 نومبر۔2015ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آمریت کے پجاری نہیں چاہتے کہ ہم متحد رہیں لیکن ہم سب کو متحد کریں گے ۔ وزیراعظم تھر میں صرف وعدے کرکے چلے گئے پھر مڑکر بھی نہ دیکھا ، جسے اپنا نمائندہ بناکر چھوڑ گئے وہ تو تھر کا راون ہے۔ ہندو کمیونٹی کی خوشی میں شریک ہونے آیاہوں ۔

تھر والوں کے لیے مزید بہتری لائیں گے ۔ وہ جمعرات کو مٹھی میں ہندو برادری کے تہوار دیوالی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔اس سے قبل انہوں نے ہندووں کے ساتھ دیوالی منائی ،دیوالی کا کیک بھی کاٹا، ماتھے پر تلک بھی لگوایا، بچوں پر دست شفقت بھی رکھا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آمریت کے پجاری نہیں چاہتے کہ ہم متحد رہیں،انتہا پسندی کو جان بوجھ کر ہوا دی جارہی ہے،پیپلزپارٹی دیوالی کو اپناتہوارمانتی ہے اور سب کو ساتھ لے کر چلے گی،جو نفرت پھیلاتے ہیں وہ ہم میں سے نہیں ہیں،پیپلزپارٹی چاروں صوبوں کی زنجیرہے،میں یہاں دیوالی کی خوشیوں میں شریک ہونے آیاہوں،19 نومبرکو تیر پر ٹھپہ لگا کر عوام کو آزادی ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بھی یہاں آئے تھے وہ وعدے اوراعلان کرکے چلے گئے،میاں صاحب!کچھ تو پیچھے چھوڑ کر جاتے،آپ کے اعلانات اور وعدوں کا کیا ہوا،وہ اعلانات اور وعدے، اعلانات اور وعدے ہی رہ گئے،مجھے اورتھرکے لوگوں کو پتہ ہے آپ کچھ نہیں کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھ سے جتناہوسکااپنے بہن بھائیوں کے لیے کوشش کروں گا،پیپلزپارٹی مساوات کی بات کرتی ہے،عوام کی بات کرتی ہے،یہ سب غریب اور عوام دشمن لوگ ہیں، پیپلزپارٹی،کسانوں،طلبااور عوام کی بات کرتی ہے۔

بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ تھرکے لوگوں کو پتا ہے آپ کچھ نہیں کریں گے،جب الیکشن ہوتے ہیں توایک پوسٹرپربلااورشیراکٹھے ہوتے ہیں،پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف یہ سب اکٹھے ہوجاتے ہیں، پیپلزپارٹی غریبوں،ہاریوں کی بات کرتی ہے اس لیے سب اکٹھے ہوجاتے ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ سب غریب دشمن ہیں اور انہیں اپناغلام بناکر رکھنا چاہتے ہیں،سیاستدان دیوالی منانے سندھ آئے ہیں۔

کچھ سیاست دان دیوالی منانے سندھ آئے ہیں ۔ مگر ووٹ انہیں نہیں ملیں گے ۔ سندھ میں ووٹ کسی پیر ، میر کا نہیں بے نظیر کا ہے ۔اس موقع پر سندھ کے وزیر اطلاعات نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پہلے سال دیوالی منا کر سب کو راغب کیا کہ دیوالی کیسے منائی جاتی ہے ۔ کراچی میں دیوالی کی تقریب میں اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ رنگ ڈالنے آیا ہوں ۔

ان کو پتہ ہونا چاہئے کہ دیوالی پر رنگ نہیں دیئے جلائے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آمروں کے گودمیں نہیں بیٹھی ۔ پیپلزپارٹی نے آمروں سے آنکھ ملا کربات کرنا سیکھاہے ۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کوئی ختم نہیں کر سکتا ۔ آمریت کے پجاری نہیں چاہتے کہ ہم متحد رہیں لیکن ہم سب کو متحد کریں گے ۔