ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ کانشتر لائبر یری کا تفصیلی دورہ ، لائبریری کی فوری تعمیر کی ہدایت

جمعرات 12 نومبر 2015 17:17

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء)ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ نے کہا ہے کہ لائبریریز ہرسطح پر مطالعے کے فروغ کیلئے بہترین ذریعہ ہیں نوجوانوں کو اس جانب راغب کرنااز حد ضرور ی ہے، نصابی سرگرمیوں کا شوق اس وقت ہی پورا کیا جا سکتا ہے جب لائبریریوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ موجود لائبریریوں کی صورتحال بہتر ہو ان خیالات کا اظہار انھوں نے سینئر ڈائریکٹرسالڈ ویسٹ اقبال احمد ، ڈائریکٹر لائبریریز طلعت شکیل ، XEN ایم اینڈ ای مبین شیخ ، ڈائریکٹر پارکس جمشید زون شباہت حسین کے ہمراہ نشتر پارک لائبریری کی تعمیر اور تزئین و آرائش کے احکامات دیتے ہوئے کیا، انھوں نے نشتر پارک لائبریری کے معائنے کے دوران کہا کہ نشتر پارک لائبریری ،تاریخی حیثیت کی حامل ہے لہذا اس کی تزئین و آرائش و تعمیری کاموں کے لئے تمام تر ضروری لوازمات کا خیا ل رکھا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ لائبریری کی تزئین و آرائش کا کام جلد مکمل کرکے اسے عوام کے لئے کھولا جائے تاکہ اس علاقے کے نوجوان، بچے، بزرگ اور خواتین مستفید ہوں۔انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ اس لائبریری کے لئے یہاں کی مکین بہت دلچسپی رکھتے ہیں لہذا عوام کے مفاد میں لائبریری کو دوبارہ جلد فنکشنل کیا جائے گا اور اسکے لئے ہدایات دی جاچکی ہیں۔ اس موقع پر فوکل پرسن جمشید زون شاہد اشرف چوہدری ، ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس اقبال شیخ، AEE نجم الحسنین بھی موجود تھے۔