بزنس مین پینل کا طویل دوراقتدار ایف پی سی سی آئی کی تاریخ کا سیاہ باب ہے،یونائیٹڈ بزنس گروپ

جمعرات 12 نومبر 2015 17:14

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء)بزنس مین پینل کا طویل دوراقتدار ایف پی سی سی آئی کی تاریخ کا سیاہ باب ہے جن سے ملک بھر کے تاجروں نے مل کر جان چھڑائی ہے۔بغیر کسی منشور کے کاروباری برادری کی خدمت کرنے اورمقبولیت کے دعویدارگروپ نے الیکشن مہم کے دوران ملک کے کسی بھی چیمبر میں قدم رکھنے کی جرات نہیں کی کیونکہ وہ تاجروں کا سامنا نہیں کر سکتے ۔

بزنس مین پینل نے پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائیرز مرچنٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے الیکشن میں اپنی حمایت کا بیان دیا جسکی دوسرے دن تردید ہو گئی جس سے انکی اخلاقی حالت کا پتہ چلتا ہے۔ابھی تک ملک کے کسی ایک بھی چیمبر نے انکی حمایت کا اعلان نہیں کیا کیونکہ انکا ماضی سب کے سامنے ہے جبکہ درجنوں چیمبروں اور ایسوسی ایشنز نے یو نائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے جس نے مفاد پرستوں کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر حمید اختر چڈھا،یو بی جی کے رہنماؤں خالد تواب، مرزا اختیار بیگ، اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری اورایف پی سی سی آئی چئیرمین کو آرڈینیشن ملک سہیل نے یہاں جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کیا۔انھوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی میں علی بابا اور انکے ہمنواؤں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ بزنس مین پینل ایک سال تک وفاقی چیمبر سے باہر رہنے کے بعد دوبارہ چور دروازے سے اس پر قابض ہو کر لوٹ مار کی تاریخ دہرانا چاہتا ہے جسکی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انکے دور میں صدر اور نائب صدر سمیت تمام عہدے بکتے رہے ہیں اور انکے گاڈ فادر کے بھائی نمائش منعقد کروانے والی پر پارٹی سے ایک لاکھ بطور رشوت لیتے تھے۔اسکے علاوہ قائمہ کمیٹیوں کے عہدوں کیلئے کھلی بولی لگتی تھی جبکہ تجارتی دوروں میں میرٹ پر امپورٹرز یا ایکسپورٹرز کو بھجوانے کے بجائے دوستوں کو تقریح کیلئے بھجوایا جاتا تھا جس سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی۔

ایف پی سی سی آئی کے نائب صدور نے کہا کہ اپوزیشن کو اہم عہدوں کیلئے کوئی امیدوار تک نہیں ملا اسلئے نیب زدہ چلے ہوئے کارتوسوں سے کام چلایا جا رہا ہے جو کاروباری برادری کی خدمت کی آڑ میں اپنی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔انکے نیم خواندہ صدارتی امیدوار خدمت نہیں بلکہ لوٹ مار کا وسیع تجربہ رکھنے ہیں اسلئے آئے روز انھیں ایف آئی اے، اینٹی کریشن اور نیب کے مقدمات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔یو بی جی کے صدارتی امیدوارعبدالرؤف عالم اسلام آباد کی مشہورکاروباری شخصیت اور ایک ملک کے اعزازی قونصل جنرل ہونے کے علاوہ کنسٹرکشن کی صنعت میں عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں جبکہ ایک درجن سے زیادہ اعلیٰ ترین برانڈز کی نمائندگی بھی کرتے ہیں۔