عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی پائیدار ترقی کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں ،شکیل خان ایڈووکیٹ

جمعرات 12 نومبر 2015 16:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء)وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی شکیل خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی پائیدار ترقی کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں لہذا شفاف طرز حکمرانی کے باعث صوبہ ترقی کے راہ پر گامزن ہو رہاہے اور عوام بہت جلد مثبت تبدیلی محسوس کرینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بٹ خیلہ ملاکنڈ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے صحت،تعلیم اور زراعت اور دیگر سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی ہے اور حقیقی معنوں میں ان اداروں میں ترقیاتی پروگرام اب شروع کئے گئے ہیں اور صوبے بھر میں کرپشن اور کمیشن مافیا کے خاتمے کیلئے اور میرٹ کی بالا دستی کوششیں جاری ہیں جس سے صوبے میں پائیدار ترقی کی راہ ہموار ہو گی اور عوامی فلاح و بہبود کی سہولیات کی ترسیل میں آسانی ہو گی اور لوگوں کے مسائل میں خاطر خواہ کمی بھی واقع ہوگی۔

شکیل ایڈوکیٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرکے حکومتی منصوبوں کی تکمیل کو بروقت یقینی بنائیں تاکہ صوبے کے عوام ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔