حکومت کے کسان دوست اقدامات زرعی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے:ڈی سی او

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 12 نومبر 2015 16:25

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔12 نومبر۔2015ء) ڈی سی او قیصر سلیم نے کہا ہے کہ کسان کی خوشحالی براہ راست معاشی استحکام سے جڑی ہوئی ہے دیہی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ملک کی فی ایکٹر پیداوار زیادہ سے زیادہ اور پیداواری اخراجات کم سے کم ہوں زیادہ پیداواری صلاحیت کے بیجوں اور بہترین معیار کی کھادوں ،جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی خطوط پر کاشتکاری کو استوار کر کے ہم مطلوبہ اہداف حاصل کر سکتے ہیں ۔

پنجاب حکومت نے کاشتکاروں کو بیماریوں سے پاک اور زیادہ سے زیادہ پیداواری صلاحیت کے حامل بیجوں کی فراہمی ،کھادوں پر سبسڈی کے لئے جو حکمت عملی ترتیب دی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے کسان دوست اقدامات زرعی معیشت میں انقلاب کے پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کاشتکاروں میں گندم کے بیج کی مفت فراہمی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ای ڈی او زراعت ڈاکٹر شیر محمد شیراوت،ڈی او زراعت توسیع چوہدری فاروق جاوید،ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز چوہدری شہباز اختر ،چوہدری سرور کمبوہ ،راؤ ریاض احمد ،شیخ محمد سلیم سمیت متعلقہ افسران اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ڈی سی او قیصر سلیم نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ زراعت کو سائنسی خطوط پر استوار کرنے کے لئے محکمہ کی سفارشات پر عمل در آمد کریں۔ڈاکٹر شیر محمد شیراوت اور چوہدری فاروق جاوید نے کہا کہ ضلع اوکاڑہ مین قرعہ اندازی کے ذریعے 845بیگ گندم کا بیج فراہم کی جائے گا ۔