گزشتہ 5 سالوں کے دوران 82 ہزار سے زائد غیر ملکیوں کو پاکستان آمد کے ویزے جاری کئے گئے

حکومت ملک میں فنی تعلیم کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، بلیغ الرحمان

جمعرات 12 نومبر 2015 14:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 نومبر۔2015ء) ایوان بالا کو بتایا گیا کہ گزشتہ 5 سالوں کے دوران 82 ہزار سے زائد غیر ملکیوں کو پاکستان آمد کے ویزے جاری کئے گئے ہیں‘ حالیہ سیلابوں سے ملک میں زرعی اراضی کو 10 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچا ہے‘ حکومت ملک میں فنی تعلیم میں اضافے اور بیرون ممالک جانے والے محنت کشوں کی تربیت کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے امسال ملک سے 6 لاکھ سے زائد افراد محنت مزدوری کیلئے عرب ممالک سمیت دیگر ممالک گئے ہیں جن میں زیادہ تعداد مزدوروں کی ہے۔

جمعرات کے روز وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو تحریری طور پر بتایا گیا کہ گزشتہ 5 سالوں کے دوران 82 ہزار سے زائد چین‘ جنوبی کوریا‘ متحدہ عرب امارات‘ ازبکستان اور سوڈان کے باشندوں کو ویزے جاری کئے گئے ہیں اور تمام غیر ملکیوں کا ریکارڈ وزارت داخلہ کے پاس موجود ہے اس موقع پر بتایا گیا کہ چین کے 46 ہزار جنوبی کوریا کے 13 ہزار متحدہ عرب امارات کے 18 ہزار‘ ازبکستان کے ایک ہزار اور سوڈان کے 13402 شہریوں کو پاکستان آنے کے ویزے جاری کےء گئے ہیں جبکہ سعودی عرب سے آنے والون کی تعداد ابھی تک موصول نہیں ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر طلحہ محمود کی جانب سے دوسرے سوال کے جواب میں تحریری طور پر بتایا گیا 2014ء کے سیلابوں کی وجہ سے فصلوں کو 10 ارب 91 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا ہے

تاہم اس نقصان کے باوجود بھی ملک میں غذائی ضروریات کی کمی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ سینیٹر راحیلہ مگسی کے سوال کے جواب میں ایوان بالا کو بتایا گیا کہ سندھ کے ضلع ٹنڈو آلہ یار میں کوئی جامعہ یا اس کا ذیلی کیمپس نہیں ہے تاہم قریبی علاقوں میں قائم جامعات میں ضلع ٹنڈوالہ یار کے عوام کو یکساں رسائی حاصل ہے۔

سینیٹر طاہر حسین مشہدی کے سوال کے جواب میں ایوان کو تحریری طور پر بتایا گیا کہ امسال 6 لاکھ 92 ہزار 67 پیشہ ور افراد اور مزدور بیرون ممالک میں گئے ہیں جس کے مطابق یو اے ای میں 2 لاکھ 47 ہزار 315 افراد‘ بحرین میں 7165 افراد‘ ملائیشیا 15912 افراد‘ عمان 35224 افراد‘ سعودی عرب 3 لاکھ 70 ہزار 637 افراد ملازمت کیلئے گئے ہیں۔ سینیٹر چوہدری تنویر خان کے سوال کے جواب میں وزیر انچارج ریاض حسین پیرزادہ نے بتایا کہ ملک میں پھلوں اور سبزیوں کو محفوظ کرنے کیلئے نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سنٹر نے کم لاگت کی ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے اس کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا میں محنت کشوں کیلئے توسیع پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت زرعی افسران اور فیلڈ اسسٹنٹ کو پھلوں کے اضافی قدر کے مختلف زاویوں اور پروسیسنگ پر تربیت دی جا رہی ہے۔

سینیٹر چوہدری تنویر خان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر بلیغ الرحمان نے بتایا کہ حکومت ملک میں فنی تعلیم کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ بیرون ممالک جانے والے افراد کو زیادہ سے زیادہ تربیت کے مواقع مل سکیں اور وہاں پر صرف مزدوری کے علاوہ انجینئر اور اعلیٰ عہدوں پر بھی ملازمت اختیار کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :