شیخوپورہ کے گیس پاور پلانٹ کے منصوبے کے تمام امور انتہائی شفاف انداز اور تیز رفتاری سے طے کئے گئے ‘ عرفان دولتانہ

جمعرات 12 نومبر 2015 14:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ شیخوپورہ کے گیس پاور پلانٹ کے منصوبے کے تمام امور انتہائی شفاف انداز اور تیز رفتاری سے طے کئے گئے ہیں اور گیس کی بنیاد پر پنجاب میں لگنے والے ان تینوں منصوبوں میں مجموعی طور پر 120 ارب روپے کی عملی طور پر بچت کی گئی ہے اور اس تاریخی بچت کا کریڈٹ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کو جاتا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گیس پاور پلانٹس کے منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے بِھکی،شیخوپورہ کے گیس پاور پلانٹ کے منصوبے کی ای پی سی لاگت کم کرانے کے باعث نیپرا بھی ٹیرف کم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شیخوپورہ میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے بجلی کے کارخانے کیلئے گیس کی تسلسل کے ساتھ سپلائی
یقینی بنانے کے حوالے سے وفاقی وزارت پٹرولیم سے تمام امور طے کئے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گیس، کوئلے، سولر کی بنیاد پر بجلی کے کارخانے لگنے سے 60 سال سے جاری تیل مافیا کے راج اور اجارہ داری کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کیلئے اراضی کے حصول کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور یہ منصوبہ لگنے سے پنجاب میں گیس کی بنیاد پر دیگر منصوبے لگنے کی راہ بھی ہموار ہوئی ہے جبکہ منصوبے کے آپریشن اور دیکھ بھال کے امور بھی طے کئے گئے ہیں اور یہ منصوبہ کسی بھی صوبائی حکومت کی جانب سے اپنی نوعیت کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہے جس میں تمام امور کو متعلقہ اداروں کے ساتھ طے کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :