بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے الیکشن کمیشن کا اعلیٰ سطحی اجلاس کل ہوگا

جمعرات 12 نومبر 2015 14:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء) بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے الیکشن کمیشن کا اعلیٰ سطحی اجلاس کل ( جمعہ) کو ہوگا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان جسٹس (ر) سردار رضا محمد خان کریں گے ۔

(جاری ہے)

بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پنجاب کے مزید 12اضلاع سرگودھا، ساہیوال،گوجرانوالہ، اٹک، جہلم، میانوالی، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، شیخوپورہ اورخانیوال کے اضلاع میں پولنگ 19نومبر کو ہو گی جس کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے الیکشن کمیشن کا اعلیٰ سطحی اجلاس کل( جمعہ ) کو مقامی ہوٹل میں طلب کیا گیا ہے ۔

اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر مسعود احمد ملک ، چیف سیکرٹری پنجاب ، ہوم سیکرٹری پنجاب ، آئی جی پنجاب ، کمشنرز،12اضلاع کے ڈی آراوز ،ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز سمیت دیگر شریک ہوں گے ۔ اجلاس میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد انہیں حتمی شکل دی جائے گی ۔