اسپین میں 100سے زائد افراد کے شدت پسند تنظیم داعش میں شامل ہونے کا انکشاف

جمعرات 12 نومبر 2015 13:53

میڈرڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء)اسپین میں 100سے زائد افراد کے شدت پسند تنظیم داعش میں شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے ،یہ افراد ملک چھوڑ چکے ہیں اور داعش کی جانب سے عراق اور شام میں جنگ لڑ رہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپ میں جہادی عناصر کے نیٹ ورک میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ اسپین میں100 سے زائد افراد کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ داعش میں شمولیت کی خاطر ملک چھوڑ چکے ہیں اور داعش کی جانب سے عراق اور شام میں جنگ لڑ رہے ہیں۔

ان کے بارے میں خدشہ ہے کہ یہ ا سپین واپس آکر دہشت گردانہ کارروائیاں کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

رواں ہفتے کے دوران پولیس نے تین مراکشی باشندوں کو گرفتار کیا ہے جن کے بارے میں شبہ ہے کہ ان کا تعلق داعش کے ساتھ ہے اور یہ اسپین میں دہشت گردانہ اقدام کرنا چاہتے تھے۔علاوہ ازیں پولیس نے بارسلونا کے نواحی علاقے کورنیا دے یبریگاٹ سے بھی ایک شخص کو گرفتار کیاہے جس کا تعلق کاتالونیہ میں موجود ایک دہشت گرد گروپ سے ہے۔چند ہفتے پہلے پولیس نے ایک 22سالہ لڑکی کو گرفتار کیا تھا جو ماضی میں ایک کیتھولک تھی مگر بعدازاں وہ جہادی خیالات کی حامل بن گئی۔اس لڑکی کو بھی میڈرڈ ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا اور یہ بھی داعش میں شمولیت کیلئے شام جانا چاہتی تھی۔ -