جنیوا میں ایک نیلامی کے دوران ’بلیو مون‘ نامی 12.03 قیراط کا ایک نادر ہیرا سب سے زیادہ قیمت چار کروڑ 85 لاکھ ڈالر میں فروخت

جمعرات 12 نومبر 2015 13:33

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء) جنیوا میں ایک نیلامی کے دوران ’بلیو مون‘ نامی 12.03 قیراط کا ایک نادر ہیرا عالمی سطح پر اب تک کی سب سے زیادہ قیمت چار کروڑ 85 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا ہے۔نیلامی گھر سود بی کا کہنا ہے کہ دنیا میں کسی بھی نیلامی میں اس سے پہلے کبھی بھی اتنا مہنگا ہیرا نیلام نہیں ہوا تھا۔ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے ہیروں کے ایک شوقین شخص نے اسے خریدا ہے اور حاصل کرتے ہی اس کا نام بدل کر دی بلیو مون آف جوزفین کر دیا۔

چاند کی روشن کرنوں کی طرح چمکتا ہوا یہ ہیرا ایک انگوٹھی میں لگا ہوا ہے اور ماہرین کے مطابق نوادرات میں یہ اپنی نوعیت کا ایک انوکھا جوہر ہے۔یہ ہیرا گذشتہ برس جنوری میں جنوبی افریقہ میں دریافت ہوا تھا اور یہ چوکور شکل میں تراشا گیا نیلے رنگ کا یہ سب بڑا ہیرا بتایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس ہیرے کو پیٹرا ڈائمنڈز نامی کمپنی نے جنوبی افریقہ کے شہر پریٹوریا کی کلینن کی کان سے دریافت کیا تھا۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ یہ پتھر کلینن کی کان سے دریافت ہونے والے پتھروں میں سے انتہائی غیر معمولی ہے۔منگل کے روز ہی چین کے ایک اور شخص نے کرسٹی کے نیلام گھر میں نیلام ہونے والے گلابی رنگ کے 16.08 قیراط کے ایک ہیرے کو دو کروڑ 80 لاکھ ڈالر میں خریدا تھا۔اور اس کا نام بھی اس شخص نے ’سویٹ جوزفین‘ رکھا ہے۔ نیلامی فون پر ہوئی اور خریدنے والے شحض کی شناخت کو خفیہ رکھا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ رنگین ہیرے لوگوں میں زیادہ مقبول ہورہے ہیں اور اس کا بازار بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :