اسلام آباد : تاجکستان کے صدر آج دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 12 نومبر 2015 10:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 نومبر 2015 ء) : تاجکستان کے صدر آج دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے . تفصیلات کےمطابق تاجکستان کے صدر کا پاکستان کا یہ چھٹا دورہ ہو گا. صدر تاجکستان کے ہمراہ وزراء اور سینئر حکام سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا جبکہ تاجکستان کے ممتاز کاروباری رہنماؤں کی بڑی تعداد بھی تاجک صدر کے ساتھ ہوگی۔اسلام آباد میں اپنے دو روزہ قیام کے دوران وہ وزیراعظم اور صدر مملکت سے ملاقات کریں گے۔

تاجکستان کے صدر کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں کا حصہ ہے۔سیاسی، اقتصادی، توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ریل، شاہرات، فضائی روابط کے فروغ، سماجی، انسانی وسائل کی ترقی، ثقافتی تعلقات کے فروغ، دفاع اور سکیورٹی تعلقات کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی مشترکہ خواہش کے تناظر میں یہ دورہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

تاجکستان، پاکستان، افغانستان اور کرغزستان پر مشتمل علاقائی توانائی تعاون کا منصوبہ کاسا 1000 تعاون کا ایک اور اہم شعبہ ہوگا جس پر بات چیت ہوگی۔پاکستان، تاجکستان کی آزادی کے فوری بعد برادر ملک کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے اولین ممالک میں سے ایک ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات مشترکہ مفادات، بھائی چارے اور باہمی مفاد پر مبنی ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ فروغ پا رہے ہیں.

متعلقہ عنوان :