دہشتگرد ہماری نسل کو اپاہج اور دہشتگردی کا نشانہ بناکر پاکستان کا مستقبل اور قوم کو تباہ کرنے کے درپے ہیں،دہشتگردہمارے بچوں ،جوانوں ،خواتین کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے کے ساتھ پولیو ویکسین کی راہ میں رکاوٹ ہیں ،طالبان اور داعش ایک سکے کے دورخ ہیں دونوں تنظیم مسلمانوں کے گلے کاٹ رہی ہیں ، سانحہ نشتر پارک کے دہشتگردوں کو گرفتار کرکے بے نقاب کیا جائے

سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کا انٹرویو

بدھ 11 نومبر 2015 23:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ یہود ہنود کے ایجنٹ اور کانگریسی ملاؤں کے پیروکار جو پاکستان بنانے کے مخالف تھے وہ آج ہماری نسل کو اپاہج اور دہشتگردی کا نشانہ بناکر پاکستان کا مستقبل اور قوم کو تباہ کرنے کے درپے ہیں ،ایک طرف دہشتگرد بارود دسے ہمارے بچوں ،جوانوں ،خواتین کو دہشتگردی کا نشانہ بنارہے ہیں دوسری طرف پولیو ویکسین کی راہ میں رکاوٹ ڈال کر پاکستان کو دنیا سے کاٹناچاہتے ہیں تاکہ پاکستان کو تنہا کرسکیں ، اپنے وطن کی حفاظت کے لئے پاکستان سنی تحریک کسی طور بھی پیچھے نہیں رہ سکتی ، سنی تحریک کا ہر کارکن دہشتگردی کا مقابلہ کرے گا جب تک اسلام وسماج دشمن طالبان نیست و نابود نہیں ہوجاتے ، طالبان اور داعش ایک سکے کے دورخ ہیں دونوں تنظیم مسلمانوں کے گلے کاٹ رہی ہیں، نشتر پارک میں عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر 11اپریل 2006کو ہماری پوری اعلیٰ قیادت سمیت63علماؤمشائخ کو بم دھماکے کے ذریعے شہید کردیا گیا ،اس کے باوجود ہم نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا اور دنیا کو واضح پیغام دے دیا ہمارا جینا مرنا اسلام اور پاکستان کے لئے ہے ہم ملک چھوڑ کر بھاگنے والے نہیں ہیں ملک میں رہ کر ہی دہشتگردی کے خلاف جدوجہد کرتے رہیں گے،سانحہ نشترپارک کے دہشتگردوں کی عدم گرفتاری ایک سوالیہ نشان ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر ایک انٹریو دیتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ ضرب عضب آپریشن کے کامیاب نتائج سے دہشتگرد بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ،دہشتگردوں کی بیرونی فنڈنگ کو روک کر ہی دہشتگردوں کو کمزور تر کیا جاسکتا ہے ،پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،اور شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں کہ ملک کی سلامتی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جرأت بہادری سے دہشتگردوں کے خلاف سینہ سپر رہے ،انہوں نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن کی ملک کے عوام نے نہ صرف مکمل حمایت کی بلکہ ملکی سلامتی کیلئے یکجہتی کو فروغ دیکر دہشتگردوں کی سازشوں کو بے نقاب کیا ،انہوں نے کہا کہ سانحہ نشتر پارک کے دہشتگردوں کو گرفتار کرکے بے نقاب کیا جائے ،قوم جاننا چاہتی ہے کہ سرکار دو عالم ؐ کے جشن ولادت میں دہشتگردی کرنے والے کون ہیں ،ملک کی اکثریت عوام اہلسنت اسلام اور پاکستان کی سربلندی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مثبت کردار ادا کرتے رہینگے۔