Live Updates

عمران خان کا مولانا سمیع الحق کی رہائش گاہ پر جاکر معروف عالم دین مولاناڈاکٹر شیر علی شاہ صاحب کی وفات پر تعزیت

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کی دینی مدارس کی عظیم خدمات، معیاری تعلیم کیلئے کوششوں کی تعریف ، دینی مدارس کے مکمل دفاع کا اعلان

بدھ 11 نومبر 2015 22:41

اکوڑہ خٹک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء ) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے مولانا سمیع الحق کی رہائش گاہ پر آکر ان سے معروف عالم دین مولاناڈاکٹر شیر علی شاہ صاحب کی وفات پر تعزیت کی اور ان کی بلند پایہ شخصیت کو خراج عقیدت پیش کیا ، اس موقع پر مولانا سمیع الحق مہتمم دارالعلوم حقانیہ اور مولانا محمد حنیف جالندھری ناظم اعلیٰ وفاق المدارس العربیہ نے عمران خان کو ملک کے دینی طبقوں کو سیکولر ، لبرل حلقوں اور حکمرانوں کے بعض بیانات اور اقدامات کی وجہ سے لاحق تشویش سے آگاہ کیا باالخصوص میاں نواز شریف کی طرف سے ملک کو لبرل بنانے کے اعلانات اور نیشنل ایکشن پلان کے مدارس کے خلاف مذموم عزائم کی طرف توجہ دلائی گئی۔

مولانا سمیع الحق اور ناظم وفاق مولانا حنیف جالندھری نے ان کی توجہ ہولڈنگ ٹیکس کا دائرہ مساجد اور مدارس کی طرف بڑھانے اور مدارس کو دی گئی زکوٰۃ خیرات سے بھی ٹیکس وضع کرنے کی طرف بھی دلائی۔

(جاری ہے)

عمران خان نے اس موقع پر دینی مدارس کے عظیم خدمات، معیاری تعلیم کیلئے کوششوں کو سراہتے ہوئے دینی مدارس کے مکمل دفاع کا اعلان کیا اور کہا کہ اگر کوئی مدرسہ فرقہ پرستی اور دہشت گردی میں ملوث ہے تو اس کی نشاندہی کی جائے تمام مدارس پر مبہم الزامات نہ لگائے جائیں، انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے برصغیر پر تسلط کے بعد نظام تعلیم کو دین سے سیکولربنا دیا، ان مدارس نے ہماری دینی شناخت کا تحفظ کیا اور دینی تعلیم کی لاج رکھ لی۔

اس موقع پر مولانا سمیع الحق نے کہا کہ کسی ملک کو زبردستی لبرل بنانا بھی انتہا پسندی اور دہشت گردی ہے بلکہ اسلام نے دین کے معاملہ میں بھی جبریہ اقدامات کی اجازت نہیں دی۔ اس موقع پر مولانا سمیع الحق کے رہائش گاہ پر علماء و طلباء کی ایک بڑی تعداد تھی۔ عمران خان کے ساتھ وزیر صحت جناب شاہ فرمان اور وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ اور مرکزی رہنما نعیم الحق اور علاقہ کے ایم پی اے جناب محمد ادریس خٹک وغیرہ بھی موجود تھے۔دریں اثنا ۱۲ نومبر 2بجے ظہر مولانا ڈاکٹر شیر علی شاہ مرحوم کی یاد میں دارالعلوم حقانیہ میں ایک عظیم الشان تعزیتی اجتماع منعقد ہو رہا ہے۔ ملک بھر سے علماء مشائخ اور سیاسی رہنما خطاب کرینگے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات