امام حسین نے کربلا میں جو قربانی پیش کی ہے وہی درحقیقت بقائے دین ہے ،رہنماء شان اہل بیت کانفرنس

اہل بیت اطہار کا یہ عظیم احسان تا صبح قیامت تک نا قابل فراموش ہے ، خطاب

بدھ 11 نومبر 2015 22:11

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 نومبر۔2015ء ) حضرت امام حسین نے کربلا میں جو قربانی پیش کی ہے وہی درحقیقت بقائے دین ہے ، اہل بیت اطہار کا یہ عظیم احسان تا صبح قیامت تک نا قابل فراموش ہے ،واقع کربلا درحقیقت وحدت امت کی بھی بنیاد ہے، مسلمان تفرقہ بازی سے ہٹ کر مشن حسین پر عمل پیرا ہوں،ذکر اہل بیت کی محفل ایمان کا حصہ ہے ،اہل بیت سے عشق ومحبت کرنے والے سے اللہ او ر اس کے رسول راضی ہوتے ہیں،ان خیالات کا اظہار اٹک کے نواحی گاوٴں ماڑی کنجور کی مرکزی جامعہ مسجد نور مصطفی میں ملک زاہد خان کی طرف سے منعقدہ شان اہل بیت کانفرنس سے ممتاز عالم دین مخدوم جعفرحسین قریشی آف ملتان ،ملک مظہر نواز حطاری نے خطا ب کرتے ہوئے کیا ،کانفرنس کی صدارت صاحبزادہ پیر سید عطا ء اللہ شاہ گیلانی آستانہ عالیہ ڈھیر شریف نے کی ، قبل ازیں ملک پاکستان کے مشہور نعت خواں سعید الرحمن کیو ٹی وی کراچی ،شوکت قریشی ملتان ،قاری محمد خان ،سید زرداد حسین شاہ نے ہدیہ نعت شریف پیش کیں ،اس موقع پر ضلع بھر کے علمائے اکرام ومشائخ عظام صاحبزادہ پیر سید واجد حسین شاہ بخاری آف بوٹا ،علامہ قاری رقیب احمد چشتی ، علامہ حافظ یوسف حقانی ،مولانا حافظ محمد داوٴد حقانی ،حافظ نثا ر احمد قادری،قاری عنایت الہٰی نقشبندی ،قاری ریاض احمد چشتی ،سید نثار حسین شاہ ،سید مشتاق حسین شاہ اور مقامی علمائے اکرام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ،علامہ جعفر حسین قریشی نے کہا کہ اگر آج مسلمان اپنے مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں ،تو وہ تعلیمات نبوی اور محبت اہل بیت سے وابستہ ہو جائیں ، ان کی دنیاوی و اخروی زندگی کامیاب ہو جائے گی،محفل کے آخر میں دردو وسلام کے بعد ملک پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی دعا صاحبزادہ پیر سید عطاء اللہ شاہ گیلانی آف ڈھیر شریف نے کرائی ۔

متعلقہ عنوان :