نیشنل پریس کلب کی نئی کونسل ممبر شپ پر پابندی لگا دی گئی

میڈیا انکلیو میں کونسل ممبران، ایسوسی ایٹ ممبرز اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کی صنعت سے وابستہ تمام افراد پلاٹ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے،اجلاس میں فیصلہ

بدھ 11 نومبر 2015 22:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء)نیشنل پریس کلب کی گورننگ باڈی نے وقتی طور پر نئی ممبر شپ پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ایسوسی ایٹ ممبرز ووٹ ڈالنے کے علاوہ پریس کلب کی تمام سہولیات سے استفادہ کر سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل پریس کلب کی گورننگ باڈی کا اجلاس بدھ کو یہاں پر ہوا جس کی صدارت صدر نیشنل پریس کلب شہریار خان نے کی۔

اجلاس میں سیکرٹری طارق محمود چوہدری، سیکرٹری فنانس وقار ستی کے علاوہ گورننگ باڈی کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر شہریار خان نے کہا ہے کہ گورننگ باڈی کی رائے کے مطابق نیشنل پریس کلب کی نئی کونسل ممبر شپ پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ایسوسی ایٹ ممبرز سوائے ووٹ کاسٹ کرنے کے تمام طرح کی سہولیات کے لئے اہل ہوں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں میڈیا انکلیو کے حوالے سے گورننگ باڈی کو بریفنگ دی گئی اور مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

فیصلہ کیا گیا کہ میڈیا ٹاؤن فیز II (میڈیا انکلیو) میں نیشنل پریس کلب کے کونسل ممبران کے علاوہ ایسوسی ایٹ ممبرز اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کی صنعت سے وابستہ تمام افراد پلاٹ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ میڈیا انکلیو کے حوالے سے اگلے اجلاس میں تفصیلات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔