فلاح انسانیت فاؤنڈیشن نے جستی چادروں کی تقسیم اور گھروں کی تعمیر کا عمل تیز کر دیا‘حافظ محمد سعید

بی جے پی کے برسراقتدار آنے کے بعد بھارتی مسلمانوں کی طرح کشمیر میں بھی ظلم و تشدد بڑھا ہے،پاکستانی قوم تحریک آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا اور قدم سے قدم ملا کر کھڑی ہے‘امیر جماعۃ الدعوۃ

بدھ 11 نومبر 2015 22:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء ) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں سردی کی شدت اور برفباری سے متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، گھروں کی تعمیر جلد نہ کی گئی تو متاثرین کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں،فلاح انسانیت فاؤنڈیشن نے جستی چادروں کی تقسیم اور گھروں کی تعمیر کا عمل تیز کر دیا ، متاثرین کے معمولات زندگی بحال کرنے کیلئے سب کو مل کر کوششیں کرنی چاہئیں، بی جے پی کے برسراقتدار آنے کے بعد بھارتی مسلمانوں کی طرح کشمیر میں بھی ظلم و تشدد بڑھا ہے،حریت قیادت نظربند اور سرگرم ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے،سیدہ آسیہ اندرابی سمیت خواتین کی کثیر تعداد پر بھی مقدمات بنائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ مرکز القادسیہ میں جماعۃالدعوۃ لاہور کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پرفلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف نے زلزلہ متاثرہ علاقوں کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی اور انہیں ایف آئی ایف کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ کشمیری و پاکستانی مسلمانوں کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جاسکتا۔

پاکستانی قوم تحریک آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا اور قدم سے قدم ملا کر کھڑی ہے۔ بھارت خطہ میں امن چاہتا ہے تو آٹھ لاکھ فوج کو خطہ سے نکالے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دے۔ مظلوم کشمیری ہر پاکستانی کے دل میں بستے ہیں انہیں کسی صورت بھارتی ظلم وبربریت کے حوالے نہیں کیاجاسکتا۔ کشمیری مسلمانوں کی ہر ممکن مددوحمایت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی سرپرستی میں نہتے مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔آٹھ لاکھ غاصب فوج نے کشمیری مسلمانوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔ ان کی عزتیں اور جان و مال سمیت کوئی چیز محفوظ نہیں ہے لیکن دوسری جانب نریندر مودی کشمیر کا دورہ کر کے ان کیلئے اقتصادی پیکج کا اعلان کیاگیا ہے۔68سال سے بھارت سرکار کے ظلم و ستم کا شکار کشمیری قوم اس کے دوہرے معیار کو بخوبی سمجھتی ہے اور وہ اس کی چانکیائی سیاست کے دھوکہ میں آنے والی نہیں ہے۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ جماعۃ الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے ہزاروں نوجوان امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ہمارے رضاکارکندھوں پر سامان اٹھا کر کئی کئی کلومیٹر کا پیدل سفر کر کے ان دور دراز علاقوں میں پہنچ کر متاثرین تک خشک راشن، پکا پکایا کھانااور دیگر اشیاء پہنچا رہے ہیں جہاں ابھی تک کوئی نہیں پہنچ سکا ہے۔انہوں نے کہاکہ انسانی جانوں کا معاملہ بہت زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

حکومت پاکستان کو زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانی چاہیے۔ فلا ح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف نے کہاکہ زلزلہ سے شانگلہ، چترال ،باجوڑ، مالاکنڈ وغیرہ میں زیادہ نقصانات ہوئے ہیں ۔ زلزلہ کے فوری بعد فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے متاثرین کو ملبے تلے سے نکال کر ہسپتالوں تک پہنچانے اور پکے پکائے کھانے کی تقسیم کا آغاز کر دیا تھا۔

زلزلہ متاثرین کے معمولات زندگی بحال ہونے تک امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔ متاثرین کیلئے لوہے کی جستی چادروں کے ساتھ ساتھ گرم کپڑوں، بستر، کمبل، ادویات ، خشک راشن اور دیگر اشیاء کی اشد ضرورت ہے۔پوری قوم متاثرین کے ساتھ دل کھول کر تعاون کرے۔

متعلقہ عنوان :