سپریم کورٹ نے صحرائی پرندے تلور کے شکار پر پابندی کے خلاف نظر ثانی کی مختلف درخواستیں سماعت کیلئے منظورکرلیں

بدھ 11 نومبر 2015 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء)سپریم کور ٹ نے صحرائی پرندے تلور کے شکار پر پابندی کے خلاف نظر ثانی کی مختلف درخواستیں سماعت کیلئے منظورکرلیں ، جس کی سماعت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر مشتمل تین رکنی بینچ کرے گا ،یاد رہے سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے 19اگست کو ملک بھرمیں تلور کے شکار پر پابندی عائد کی تھی، جس کے خلاف وفاق سمیت صوبوں کے علاوہ بعض افراد نے ذاتی طورپربھی نظر ثانی کی درخواستیں دائر کی ہیں ، وفاق کی جانب سے دائر نظر ثانی کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تلور کے شکار پر پابندی کی وجہ سے خارجہ امورمیں مشکلات پیش آرہی ہیں خصوصًا عرب ممالک کی جانب سے زیادہ مشکلات آرہی ہیں ان ممالک نے تلور کے شکار کے لئے مخصوص علاقوں میں ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈزدینے کے اعلانات کئے تھے لیکن تلورکے شکارپرپابندی کے بعد اب ان علاقوں کیلئے اعلان کردہ فنڈنگ روک دی گئی ہے ، دوسری جانب ان فلاحی کاموں سے مقامی لوگوں کا روزگار بھی وابستہ ہوتاہے، جو موجودہ صورتحال سے متاثرہورہے ہیں مختلف درخواست گزار وں نے عدالت سے استدعاکی ہے کہ تلورکے شکارپرپابندی کے فیصلہ پر نظر ثانی کی جائے ۔