کوہاٹ روڈ پر تجاوزات کے خاتمے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا،جاویدنسیم

بدھ 11 نومبر 2015 21:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء)رکن صوبائی اسمبلی جاوید نسیم نے کہا ہے کہ کوہاٹ روڈ پر چونگی سے بھانہ ماڑی تک قائم ناجائز تجاوزات کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے گا اور حکومتی مشینری کو بروئے کار لا کر پشاور کو حقیقی معنوں میں پھولوں کا شہر بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے کوہاٹ روڈ پر قائم تجاوزات کے معائنے کے دوران کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پشاور الطاف شیخ،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر میر حواص خان وزیر،ٹاؤن ممبر نواز خان اور پراپرٹی مالکان بھی موجود تھے۔جاوید نسیم نے کوہاٹ روڈکی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ روڈ جنوبی اضلاع اور دیگر علاقوں کو پشاور سے ملاتا ہے جنوبی اضلاع کے زیادہ تر لوگ اسی روڈ کااستعمال کرتے ہوئے پشاور کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال لیڈی ریڈنگ اور ڈبگری گارڈن میں اپنے مریض لاتے ہیں لیکن بعض اوقات روڈکی بندش کی وجہ سے مریضوں کو بروقت ہسپتال پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

جسکے باعث قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں ۔انہوں نے اس موقع پر موجود اسسٹنٹ کمشنر پشاور اور تمام متعلقہ افسران کومذکورہ روڈ پر قائم ناجائز تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر پراپرٹی مالکان نے ایم پی اے جاوید نسیم،اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر افسران کو تجاوزات کے خاتمے کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔