Live Updates

ایاز صادق کا بحیثیت سپیکر انتخاب مک مکا سیاست کی کڑی ہے ،میاں جمشیدالدین

پاکستان تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جو اسمبلی فلور پر اپوزیشن کا جمہوری کردار اداکر رہی ہے `

بدھ 11 نومبر 2015 21:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز و ٹیکسیشن اینڈ نارکاٹکس کنٹرول میاں جمشید الدین کا کا خیل نے ممبران صوبائی اسمبلی کے ایک وفدسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک میں عوامی خدمت اور وفاق کے ساتھ صوبے کے حقوق کے حصول کے لئے جمہوری اور اسمبلی فلور پر ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ اپوزیشن کا کردار اداکر رہی ہے تاکہ ملک پر قابض منافقت کی سیاست کا خاتمہ کرکے صاف ستھری سیاست کو پروان چڑھایا جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ ایاز صادق کا بحیثیت سپیکر دوبارہ انتخاب مک مکا سیاست کی واضح کڑی ہے اور پاکستانی عوام کو علم ہے کہ تحریک انصاف ہی قوم کی اصلی نمائندگی کا کردار اداکر رہی ہے اور نام نہاد اپوزیشن لیڈران اپنے مفادات کے لئے پارٹی سیاست کو داؤ پر لگا رہے ہیں حالانکہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بحث مباحثہ اور تعمیری تنقید ہی جمہوری پارلیمانی سیاست کا حسن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ارباب اقتدار سیاست میں احساس کمتری کا شکار ہیں اسلئے وفاق نے پی پی پی،ایم کیو ایم،اے این پی اور دیگر جماعتوں کی منت سماجت کی اور268ووٹ لینے میں جس انداز سے کامیاب ہوئی اس کا الٹا اثریہ ہواکہ مسلم لیگ ن کو ہر موڑ پر چیلنج کرنے والی تحریک انصاف صرف اور صرف واحد اپوزیشن پارٹی کے طور پر سامنے آئی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات