نبی پاکؐ کی سیرت کو اپنانے سے ہی میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے، قلندر خان لودھی

پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسن خان خٹک کا انگریزی میں نعتیہ مجموعہ ایک تاریخی کارنامہ ہے،اعجاز رحیم

بدھ 11 نومبر 2015 21:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء) معروف ادیب و شاعر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسن خان خٹک کے انگریزی زبان میں لکھے ہوئے نعتیہ مجموعےMERCY TO MANKINDکی تقریب پذیرائی پشاور میں منعقد ہوئی جس سے صوبائی وزیر خوراک قلندر خان لودھی ،سابق چیف سیکرٹری اعجاز رحیم،سیکرٹری ایڈمن فاٹا سید ظہیر الاسلام،ڈائریکٹر شیخ زید اسلامک سنٹر پشاور پروفیسر ڈاکٹر دوست محمد خان،سابق چیئرمین شعبہ اردو پشاور یونیورسٹی ڈاکٹر فقیر ا خان فقری جدون اور ڈائریکٹرخانہ فرہنگ ایران آقا علی یوسفی نے خطاب کیا جبکہ تقریب میں ادب و شاعری سے تعلق رکھنے والی شخصیات ،ماہرین تعلیم،افسران اور معززین نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر خوراک قلندر خان لودھی نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی پاکؐ سے محبت ہی ذریعہ نجات ہے اور جب تک مسلمان ان کی سیرت پر عمل پیرا نہیں ہو جاتے اس وقت تک کامیابی نا ممکن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نبی پاکؐ رحمت العالمین ہیں انہوں نے پوری دنیاکو امن و محبت کا پیغام دیا ہے ان کی تعلیمات کی پیروی کرتے ہوئے دنیا میں پائیدار امن قائم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اعجاز حسن نے انگریزی میں نعتیہ مجموعہ پیش کر کے تاریخی کارنامہ سر انجام دیا ہے جسکا سہرا خیبر پختونخوا کے سرجاتا ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ا س خطے کے عاشق رسول نے اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار اشعار کی صورت میں انگریزی زبان میں کیا ہے جس سے ا نگریزی زبان جاننے والی قوموں کو ہمارے پاک نبی کی شان اور سیرت و کردار کے بارے میں آگہی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیغمبر کی سیرت کو پھیلانا اور اسلامی تعلیمات کو دنیا کے ہر شخص تک پہنچانا امت مسلمہ کے ہر فردکی ذمہ داری ہے اور ڈاکٹر اعجاز حسن خان خٹک کی اس سلسلے میں کاوش انتہائی قابل قدر اور قابل تقلید ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کودرود پاک کے وردکی کثرت کے ساتھ سچے عاشق رسول کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق گزارنے کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ بھائی چارے اور اخوت سے پیش آنا چاہیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے بھی پروفیسر ڈاکٹر حسن خان خٹک کی اس کاوش کوسراہا۔

متعلقہ عنوان :