این اے122میں ووٹوں کے ردو بدل کے خلاف آئندہ ہفتے پٹیشن دائر کریں گے ‘عبدالعلیم خان

حکومت کو معاملہ جلد حل کرنا ہو گا ،دوبارہ اڑھائی سال نہیں لگانے دینگے ،ایاز صادق کو جلد از جلد دوبارہ ڈی سیٹ کرائیں گے

بدھ 11 نومبر 2015 21:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء ) تحریک انصاف کے این اے122سے امیدوار عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو دی گئی درخواست کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں جس کی روشنی میں اس حلقے سے ووٹوں کے ردو بدل کے خلاف آئندہ ہفتے پٹیشن دائر کرینگے ،ہمارے پاس تمام ثبوت اور شواہد اکھٹے ہو چکے ہیں جنہیں میڈیا کے سامنے پیش کر دیا گیا ہے اور اب انہیں کسی فورم پر جھٹلایا نہیں جا سکتا ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ این اے122سے 5ہزار سے زائد ووٹوں کی منتقلی اور 25ہزار نئے ووٹوں کے شامل کرنے کے الزامات کے ایک ماہ گزر جانے کا با وجود کسی بھی حکومتی ادارے یا عہدیدار کی طرف سے ان کی تردید نہیں کی گئی ۔نواز لیگ ہر الیکشن میں نت نئے ڈھنگ سے دھاندلی کرتی ہے اور اس مرتبہ رچایا گیا ڈھونگ دھاندلی نہیں سرا سر فراڈ ہے جس پر قومی اسمبلی پر مسلط کردہ بوگس سپیکر کو دوبارہ گھر کی راہ لیناہو گی ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے سینئر قانون دانوں سے صلاح مشورے جاری ہیں اور اس کیس کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹوں میں ردو بدل میں الیکشن کمیشن کو وضاحت کرنا ہو گی کہ ایسا کس کے ایماء پر کیا گیا اور اس میں نادرا یا کسی اور ادارے کا کیا کردار تھا ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ اس بلا کو اپنے گلے سے اتارنا چاہتے ہیں لیکن تحریک انصاف این اے 122کے الیکشن کو مثال بنا کر ملک میں آئندہ کیلئے صاف اور شفاف انتخابات کی راہ ہموار کرنا چاہتی ہے اور یہی عمران خان کا موقف ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ حکومت کو یہ کیس جلد حل کرنا ہو گا ،دوبارہ اڑھائی سال نہیں لگانے دینگے اور ایاز صادق کو جلد از جلد دوبارہ ڈی سیٹ کرائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :