میانمار ، الیکشن کمیشن نے آنگ سان سوچی کے حلقے میں انکی کامیابی کا اعلان کر دیا

آنگ سو چی نے قومی مفاہمت پر مذاکرات کی غرض سے فوجی حمایت یافتہ قیادت سے ملاقات کی درخواست کردی

بدھ 11 نومبر 2015 20:59

ینگون(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔11 نومبر۔2015ء) میانمار میں الیکشن کمیشن نے آنگ سان سوچی کے حلقے میں انکی کامیابی کا اعلان کر دیا،میانمار میں 25 سال بعد ہونے والے عام انتخابات میں آنگ سان سوچی کی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی (این ایل ڈی) اکثریتی سیٹیں حاصل کر کے جیت کے بے حد قریب ہے۔دوسر ی جانب میانمار کی حزب اختلاف کی رہنما آنگ سان سوچی نے قومی مفاہمت پر مذاکرات کی غرض سے فوجی حمایت یافتہ قیادت سے ملاقات کی درخواست کردی ۔

عالمی میڈیا کے مطابق الیکشن کمیشن نے آنگ سان سوچی کے حلقے میں انکی کامیابی کا اعلان کر دیا۔میانمار میں اتوار کو ہونے والے انتخابات میں ملک کے 80 فیصد شہریوں نے ووٹ ڈالے۔ این ایل ڈی نے اب تک اعلان کردہ 182 نشستوں میں سے 163 میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔

(جاری ہے)

پارٹی کو اکثریت حاصل کرنے کے لیے 67 فیصد نشستوں کی ضرورت ہے تاہم این ایل ڈی امید کررہی ہوگی کہ اس سے زیادہ بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرکے نئی پارلیمنٹ میں غلبہ حاصل کرے۔

الیکشن حکام کا کہنا ہے کہ حتمی اور باضابطہ اعلان میں دس دن تک کا وقت لگ سکتا ہے۔خیال رہے کہ فوج کی حمایت یافتہ یونین سولیڈیرٹی ڈویلپمنٹ پارٹی (یو ایس ڈی پی) 2011 سے اقتدار میں ہے۔میانمار کی حزب اختلاف کی رہنما آنگ سان سوچی نے قومی مفاہمت پر مذاکرات کی غرض سے فوجی حمایت یافتہ قیادت سے ملاقات کی درخواست کردی ہے۔حزب اختلاف کی رہنما آنگ سان سوچی نے میانمار کے صدر تھین سین، آرمڈ فورسسز کے کمانڈر، اور پارلیمان کے سپیکر کے نام خطوط تحریر کیے ہیں۔