منشیات فروشوں یاد رکھو، مگرمچھوں کو رشوت نہیں دی جا سکتی

Fahad Shabbir فہد شبیر بدھ 11 نومبر 2015 20:11

منشیات فروشوں یاد رکھو، مگرمچھوں کو رشوت نہیں دی جا سکتی

جکارتا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11نومبر۔2015ء)انڈونیشیاء کے اینٹی ڈرگ چیف نے تجویز دی ہے کہ منشیات فروشوں کا ایسی جیلوں میں رکھا جائے جو چاروں طرف سے خطرناک رینگنے والے جانوروں سے بھری ہوئی ہو۔ اُن کا کہنا تھا کہ مگرمچھوں کا رشوت نہیں دی جا سکتی۔ جنرل بوڈی واسیسو، چیف کمشنر نیشنل نارکوٹکس ایجنسی نے بتایا بتایا کہ انہوں نے وزات انصاف اور انسانی حقوق کو تجویز دی ہے کہ منشیات کے سمگلروں کےلیے جو جیل بنائی جائے وہ دور دراز کے جزیرے پر ہو اور اس کے چاروں طرف خطرناک جانور ہوں، تاکہ منشیات فروشوں کو باہر کی دنیا سے رابطہ کرنے سے روکا جا سکے۔

جنرل بوڈی نے کہا کہ ہم انہیں ہر روز کھانے پینے کی اشیاء بھیجتے رہیں گے مگر انہیں کس طرح زندہ رہنا ہے ، یہ قیدیوں کو دیکھنا ہوگا۔

(جاری ہے)

جنرل بوڈی کا کہنا ہے کہ ہم وہاں جتنے مگر مچھ رکھ سکیں رکھیں گے۔جنرل بوڈی نے یہ بھی کہا کہ وہ خطرناک مگرمچھوں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر وہاں جمع کریں گے۔جنرل بوڈی کا کہنا تھا کہ مگرمچھوں کو کوئی رشوت نہیں دے سکتا اور نہ ہی کوئی انہیں اعتماد میں لے کر اپنے کسی ساتھی کو بھگا سکتا ہے۔

وزارت انصاف نے جنرل بوڈی کے منصوبے پر غور کرنا شروع کر دیاہے تاہم انہوں نے پہلے مگرمچھوں کے افزائش کے سنٹر کا دورہ کیا ہے تاکہ جیلوں کے نئے محافظوں کو دیکھ سکیں۔ جنرل بوڈی کا کہنا ہے کہ وہ خطرناک مگرمچھوں کی تلاش میں دوسرے علاقوں میں بھی جائے گا۔ انڈونیشیا کے قانون کے مطابق منشیات کے سمگلروں کو موت کی سزا دی جاتی ہے تاہم جنرل بوڈی نے تجویز دی کہ ان سمگلروں کو منشیات کی زیادہ ڈوز دے کر مارا جائے، لیکن اس کے لیے قانون میں تبدیلی کر کے گنجائش نکالنی پڑے گی۔