پاکستان کے لیے امکانات کی شاندار دنیا منتظر ہے، موجودہ حکومت نے قومی معیشت کے احیاء کیلئے ٹھوس اقدامات کیے ہیں،پاک چین اقتصادی راہداری پورے خطے کی تقدیر بدل دے گی ،آپریشن ضرب عضب کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں

صدر ممنون حسین کا جنگ ستمبرکی 50یں سالگرہ کے موقع پر طلباء سے خطاب

بدھ 11 نومبر 2015 19:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے امکانات کی ایک شاندار دنیا منتظر ہے، موجودہ حکومت نے قومی معیشت کے احیاء کیلئے ٹھوس اقدامات کیے ہیں،پاک چین اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی تقدیر بدل دے گی، ’’آپریشن ضرب عضب‘‘ کامیابی سے جاری ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

وہ بدھ کو 6 ستمبر1965ء کی جنگ کی پچاسویں سال گرہ کے موقع پر منعقدہ تقریری مقابلے بعنوان ’’ ایک قوم، ایک منزل‘‘ میں طلباء سے خطاب کر رہے تھے ۔ صدرمملکت ممنون حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قومی معیشت کے احیاء کیلئے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ صدرمملکت نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی تقدیر بدل دے گی۔

(جاری ہے)

صدر ممنون نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد پاکستان خطے کے اہم ترین ملک کے طورپر اْبھرے گا۔ صدرمملکت ممنون حسین نے کہا کہ بلوچستان میں بھی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے اور اس سلسلے میں پانچ سو کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ صدر مملکت نے کہا اس کے علاوہ گوادر ڈیپ سی پورٹ اور گوادرمیں انٹرنیشنل ایئرپورٹ جیسے منصوبوں کا آغار کردیا گیا ہے۔

صدرمملکت نے کہا کہ ملک میں امن وامان کے حوالے سے بھی حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ’’آپریشن ضرب عضب‘‘ کامیابی سے جاری ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ صدرمملکت نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کہ بعد ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔صدر نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان کرپشن جیسے ناسور کے خاتمے میں ہر اوّل دستے کا کردار اداکریں۔اس موقع پر صدر مملکت نے 6 ستمبر کے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ صدر ممنون نے کہ کہ پاکستان کو عظیم ریاست بنا کر اپنے شہداء اور غازیوں کے خون کی لاج رکھیں گے۔